آدھار کارڈ کو ووٹر لسٹ سے عدم مربوطی جمہوریت سے کھلواڑ کے مترادف

صاف و شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو موقع ، صدر ایم بی ٹی مجید اللہ خاں کا بیان
حیدرآباد۔4اکٹوبر(سیاست نیوز) صدر مجلس بچائو تحریک مجید اللہ خان نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹرلسٹ کو آدھار کارڈ سے مربوط کرنے پر انکار کو جمہوریت کے ساتھ بڑا دھوکہ قراردیا ۔انہوں نے کہاکہ رائے دہندوں کو آدھار سے مربوط کرنے پر روک سے قبل الیکشن کمیشن آف انڈیانے 33کروڑ واٹر ای پی آئی سی کو آدھار سے جوڑ دیاتھا جس کی مدد سے بڑے پیمانے پر بوگس ووٹ رائے دہندگان کی فہرست سے ہٹادیاگیا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ او راب دوبارہ سپریم کورٹ نے 29ستمبر کو سنائے گئے اپنے فیصلے میں واضح طور پر اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ حکومت کو آدھار کو فلاح وبہبود‘ پیان کارڈ کے لئے آدھار کا استعمال کرسکتی ہے کیونکہ الیکشن کمیشن بھی اس کیس میںایک فریق کی حیثیت سے نمائندگی کررہاتھالہذا کمیشن کے لئے یہ اب آسان ہوگیا ہے کہ وہ صاف او رشفاف انتخابات کویقینی بناتے ہوئے بہتر حکمرانی کی راہ ہموار کرے ۔مجید اللہ خان نے کہاکہ مگر تلنگانہ میں الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کے پاس بوگس رائے دہندوں کی شناخت کے لئے کوئی خاص طریقے کار نہیںہے۔ انہوں نے کہاکہ ذرائع ابلاغ مسلسل بوگس رائے دہندوں کے مسئلہ کو اجاگر کررہا ہے جبکہ سیاسی جماعتیں بھی اس بات کادعوی کررہی ہیںکہ پچاس ہزار سے زائد بوگس ووٹرس ہیں۔ انہوں نے مرکزی الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ ادھار کے متعلق سپریم کورٹ کی جانب سے سنائے گئے فیصلے کے پس منظر میں جنگی خطوط پر اقدامات اٹھاتے ہوئے ووٹر ای پی آئی سی کو ادھار سے جوڑنے کے لئے تلنگانہ الیکشن کمیشن کو ہدایت جاری کرے تاکہ بوگس اور فرضی ووٹرس پر لگام کسنے کاکام کیاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ ووٹرلسٹ کی جانچ محض آنکھوں میںدھول جھونکے کے علاوہ کچھ نہیںہے ‘ کیونکہ پچاس ہزار سے زائد ہر اسمبلی حلقہ بشمول چندرا ئن گٹہ‘ یاقوت پورہ‘ ملک پیٹ ‘ چارمینار‘ کاروان اور نامپلی میں بوگس رائے دہندے اب بھی موجود ہیں۔جناب مجید اللہ خان نے کہاکہ بلدی حکام میں اس معاملے میںپوری طرح ناکام ہوگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ مجلس بچائو تحریک مرکزی اور ریاستی الیکشن سے اس بات کا مطالبہ کرتا ہے کہ بوگس رائے دہندوں کو فہرست رائے دہندگان سے ہٹانے کے لئے آدھار کو ای پی آئی سی سے جوڑنے کے لئے جنگی خطوط پر اقدامات اٹھائے ‘ ورنہ عوام کو الیکشن کمیشن سے بھی بھروسہ ختم ہوجائے گا۔