آدھار کارڈس کے مراکز کو برقرار رکھنے کی تجویز،30 ستمبر تک ہر منڈل میں 3 مراکز ، محمد فاروق حسین کے سوال پر کے ٹی آر کا جواب

حیدرآباد۔2نومبر(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں جملہ 709آدھار کارڈ مراکز خدمات انجام دے رہے ہیں اور عوام کی بڑی تعداد ان آدھار کارڈ مراکز سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے آدھار کارڈ بنوا رہے ہیں۔ ان آدھار کارڈ مراکز کے ذریعہ تاحال 3کروڑ 83لاکھ 85ہزار 934 شہریوں نے استفادہ کرتے ہوئے آدھار کارڈ بنائے ہیں۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بلدی نظم و نسق نے تلنگانہ قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران جناب محمد فاروق حسین کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ انہو ںنے بتایا کہ حکومت کی جانب سے تمام آدھار کارڈ مراکز کو برقرار رکھنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ وزیر نے کہا کہ تمام ضلع کلکٹرس کو مکتوبات روانہ کرنے ہوئے انہیں یہ احکام جاری کئے گئے ہیں کہ ہر منڈل میں کم از کم 3 آدھار کارڈ مراکز کے قیام کو 30 ستمبر تک ممکن بنایا جائے جس پر تمام ضلع کلکٹرس کی جانب سے عمل آوری کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خانگی مقامات پر خدمات انجام دینے والے آدھار مراکز کو فوری طور پر دستیاب سرکاری عمارتوں میں منتقل کرنے کے اقدامات کئے جائیں ۔ جناب فاروق حسین نے وقفہ سوالات کے دوران استفسار کیا تھا کہ ریاست میں کتنے آدھار مراکز خدمات انجام دیئے جا رہے ہیں اور کتنے شہریوں نے آدھار کارڈ حاصل کئے ہیں۔ انہوںنے مزید استفسار کیا کہ آیا حکومت مزید آدھار مراکز قائم کرنے کا کوئی منصوبہ رکھتی ہے۔ان سوالات کے جواب میں مسٹر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر عمل آوری کیلئے کوئی وقت متعین نہیں کیا گیا ہے لیکن جلد ازجلد خانگی مقامات پر خدمات انجام دینے والے آدھار کارڈ مراکز کو سرکاری عمارتوں میں منتقل کرنے کے علاوہ ہر منڈل میں کم از کم 3آدھار کارڈ مراکز کے قیام کے عمل کو مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس عمل میں ریاستی حکومت نے محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے ذریعہ ہر منڈل میں آدھار مراکز کے قیام کے سلسلہ میں احکامات جاری کئے ہیں اور ان احکامات کے مطابق ہی آدھار مراکز میں اضافہ عمل میں لایا جائے گا۔