نئی دہلی ۔ 19 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج ایک تازہ عرضی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیاجو آدھار کارڈ کو بینک کھاتے کھولنے اور ووٹر کی حیثیت سے اندراج کیلئے شناخت اور پتے کے ثبوت کی حیثیت سے مصدقہ بنانے سے متعلق ہے۔ جسٹس بی ایس چوہان کی سربراہی والی بنچ نے مرکز اور آر بی آئی سے جواب طلب کیا اور این جی او ناگرک چیتنا منچ کی داخل کردہ مفاد عامہ کی درخواست کو دیگر عرضیوں کے ساتھ جوڑدیا، جن میں بھی آدھار کارڈ کو سماجی فوائد کی اسکیمات سے استفادہ کیلئے لازمی بنانے کے جواز کو چیلنج کیا گیا ہے۔
اندرا گاندھی کو رائے بریلی میں پرینکا کا خراج عقیدت
رائے بریلی ۔19۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس مہم کی روح رواں پرینکا گاندھی نے آج پارلیمانی حلقہ رائے بریلی میں اپنی دادی آنجہانی اندرا گاندھی کے 96 ویں یوم پیدائش کے موقع پر خراج عقیدت ادا کیا۔ ماضی میں اندرا گاندھی اِس حلقہ کی نمائندگی کیا کرتی تھیں۔ پرینکا نے اِس موقع پر اپنی پارٹی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے وفود سے ملاقات کی۔ پرینکا نے اپنی والدہ سونیا گاندھی کے حلقہ انتخاب رائے بریلی کے دو روزہ دورے کے دوسرے دن اندرا گاندھی بوٹانیکل گارڈن میں سابق وزیراعظم کو خراج عقیدت پیش کیا اور وہاں موجود اسکولی بچوں سے بات چیت کی۔ اُنھوں نے بعدازاں ایک گیسٹ ہاؤز میں اپنی پارٹی کے شعبہ خواتین، قانون اور تاجرین کے وفود سے ملاقات کی اور عام آدمی کو درپیش مسائل کی سماعت کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی اسکیمات پر عمل آوری کے بارے میں دریافت کیا۔
غیرقانونی جاسوسی معاملہ کی سی بی آئی انکوائری کیلئے سیول سوسائٹی کا مطالبہ
احمدآباد ، 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سیول سوسائٹی کی تنظیموں نے گجرات حکومت کی جانب سے ایک خاتون کی مبینہ غیرقانونی نگرانی کے خلاف آج یہاں احتجاج کا اہتمام کیا۔ ان تنظیموں کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ہم حکومت گجرات کی طرف سے اس غیرقانونی، غیردستوری اور لازمی طور پر مخالف خواتین جاسوسی کی پرزور مذمت کرتے ہیں، جس کا حال میں میڈیا نے انکشاف کیا ہے۔
یو پی میں ہڑتالی ملازمین کے خلاف ’ایسما‘ لاگو
لکھنو ۔ 19 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش حکومت نے آج ریاستی حکومت کے ہڑتالی ملازمین کے خلاف قانون برقراری لازمی خدمات(ایسما) کو لاگو کردیا جبکہ 15 نکاتی مطالبات کے بارے میں ان کی غیر معینہ ہڑتال 8 ویں دن بھی جاری رہی۔ حکومتی ترجمان نے آج رات کہا کہ ہڑتالی ارکان اسٹاف کے خلاف کارروائی کے ضمن میں ’ایسما‘ کو لاگو کردیا گیا ہے۔ 1968 ء میں بننے والے قانون ایسما کا مقصد ضروری خدمات کی برقراری ہے جیسے ڈاک، ریلوے ، ایرپورٹس وغیرہ ، اور یہ قانون ان خدمات میں کلیدی ملازمین کو ہڑتال میں منع کرتا ہے۔ ہڑتالی ملازمین نے آج صبح اجلاس منعقد کئے جہاں انہوں نے حکومت کے خلاف نعرے بلند کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ تعطل کو ختم کرنے کی کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی گئی ہے۔