آدھار فیصلے نے عام آدمی کے پرائیویسی کے حق کو برقرار رکھا: سرجے والا

نئی دہلی،26ستمبر(یواین آئی) کانگریس کے سینیئر رہنما رندیپ سنگھ سرجے والا نے آدھار کارڈ سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے ۔ انہوں نے ٹوئیٹ کیا ہے کہ آدھار فیصلے نے عام آدمی کے پرائیویسی کے حق کو برقرار رکھا ۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے مودی حکومت کے آدھار قانون کے ڈراؤنے سیکشن 57 کو ختم کردیا جس کے ساتھ ہی بینک اکاؤنٹ ، موبائل، اسکول ، ایئر لائن، ٹریول ایجنٹ اور دوسرے پرائیویٹ ادارے اب آدھار طلب نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ شہریوں کے جو ڈاٹا اب تک جمع کئے گئے ہیں انہیں ضائع کیا جائے ۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے آج اپنے ایک فیصلے میں آدھار کارڈ کی آئینی فعالیت کو محدودکر دیا۔چیف جسٹس دیپک مشرا،جسٹس اے کے سکری،جسٹس اے ایم کھانولکر ،جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس اشوک بھوشن کی آئینی بینچ نے اکثریت سے اس فیصلے میں آدھار قانون کو فعال رکھتے ہوئے اس کے لا محدود اطلاق ختم کر دئے ۔