نئی دہلی ۔ 9 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) یونیک آئیڈنٹیفکیشن اتھاریٹی آف انڈیا (UIDAI) کا منصوبہ ہیکہ آدھار سیوا کیندروں کا قیام عمل میں لایا جائے جو پاسپورٹ سیواکیندروں کے نظریہ کی طرح ہے۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ اس میں ہندوستان بھر کے 53 شہروں کا احاطہ کیا جائے گا اور اس پراجکٹ کی تخمینی لاگت 300 تا 400 کروڑ روپئے ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ آدھار سنٹرس کا مقصد آدھار بنانے، اس میں حسب ضرورت ترمیم کرنے اور دیگر سرگرمیوں کیلئے سہولت فراہم کرنا ہے۔ یہ پراجکٹ اتھاریٹی کا اپنا پروگرام رہے گا اور یہ موجودہ 30 ہزار سنٹروں کے علاوہ کام کرے گا، جو موجودہ طور پر بینکوں اور ڈاک گھروں اور حکومتی احاطوں میں چلائے جارہے ہیں۔ ان سنٹروں میں اسی نوعیت کی آدھار سرویس فراہم کی جارہی ہے۔
اتھاریٹی کے عہدیداروں نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرتے ہوئے نیوزایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ان سنٹروں کا مقصد انفرادی لوگوں کو سہولت فراہم کرنا، نیا آدھار کارڈ بنانے کی سہولت دینا اور اپ ڈیڈ کی سرویس فراہم کرنا ہے۔ آدھار سیواکیندروں کے ذریعہ عوام کو ان خدمات کیلئے پہلے سے وقت طئے کرنے کی سہولت مہیا کی جائے گی۔ اس پراجکٹس سے واقف عہدیداروں نے مزید کہا کہ ہر میٹرو سٹی میں اس طرح کے چار کیندر ہوں گے اور دیگر شہروں میں فی کس دو کیندر قائم کئے جائیں گے۔