آدھارکارڈ ڈیٹا مکمل طور محفوظ، کوئی چوری نہیں :حکومت

نئی دہلی ۔5اپریل (سیاست ڈاٹ نیوز) حکومت نے واضح کیا کہ مخصوص شناختی کارڈ آدھار کا ڈیٹا سرکاری سرور میں مکمل طور پر محفوظ ہے اور اس سے ان اعداد و شمار کے کبھی چوری ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ہے ۔انفارمیشن ٹیکنالوجی اور قانون کے وزیر مملکت پی پی چودھری نے لوک سبھا میں وقفہ صفر میں آدھارڈیٹا کے چوری ہونے کا معاملہ اٹھائے جانے پر مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ آدھار کے نظام سے کہیں کوئی اعداد و شمار کے چوری ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ آدھار کا نظام مکمل طور محفوظ ہے اور اس سے ڈیموگرافک یابایومیٹرک ڈیٹاکی کبھی نہ کوئی چوری ہوئی ہے اور نہ ہی ہونے کی کوئی گنجائش ہے ۔انہوں نے کہا کہ آدھار ڈیٹا کی حفاظت کا مسئلہ حکومت کی ایک ایڈوائزری جاری ہونے کے بعد اٹھا ہے ۔ حکومت نے آدھار کے ڈیٹا کیساتھ بینک اکاؤنٹ نمبر، آدھار نمبر وغیرہ مکمل شائع کرنے سے منع کر دیا ہے ۔اس سے پہلے مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے ایم پی ایم بی راجیش نے کہا کہ آدھار کارڈ کا ڈیٹا لیک ہو رہا ہے اور حکومت آدھار ڈیٹا کی حفاظت کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے ۔