آج 10 میونسپل کارپوریشنسو 146 بلدیات کے انتخابات

انتظامات مکمل ، رائے دہی کی ویڈیو ریکارڈنگ ہوگی ‘ الیکشن کمشنر رما کانت ریڈی کا بیان

حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریاست کے 10 میونسپل کارپوریشن اور 146 بلدیات کیلئے 30 مارچ کو رائے دہی کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئیے گئے ہیں ۔ رائے دہی کا 7 بجے صبح آغاز ہوگا اور 5 بجے شام تک جاری رہے گی ۔ ریاست کے 10 میونسپل کارپوریشن میں 3300 امیدوار اور 146 بلدیات کیلئے 17 ہزار امیدوار انتخابی میدان میں ہیں ۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ریاستی الیکشن کمشنر مسٹر پی رما کانت ریڈی نے کہا کہ پولیس بندوبست کے سلسلہ میں تمام اضلاع میں موجود پولیس فورسیس کے علاوہ 16 مرکزی فورسیس کی کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 41 ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس پولیس اور 55 انسپکٹران کی خدمات زائد حاصل کرکے انہیں تعینات کیا گیا ہے اور 130 آندھرا پردیش اسپیشل پولیس پلاٹونس کو بھی انتخابی ڈیوٹیوں کیلئے طلب کیا گیا ۔ الیکشن کمشنر نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشنس میں 8814 اور بلدیات میں 17 ہزار الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال کیا جارہا ہے جبکہ رائے دہی کی ویب کاسٹ ویڈیو گرافی کی جائیگی ۔ انہوں نے بتایا کہ بلدیات میں 67 لاکھ اور کارپوریشن میں 25.47 لاکھ رائے دہندے رائے دہی سے استفادہ کرینگے ۔ مسٹر ریڈی نے کہاکہ میونسپل انتخابات کے نتائج سے متعلق ہائیکورٹ کی جانب سے فیصلہ کیا جانا ہے

توقع ہے کہ یکم اپریل کو ہائیکورٹ ووٹوں کی گنتی کروانے یا نہ کروانے کا فیصلہ دیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 6 اور 11 اپریل کو دو مرحلوں میں زیڈ پی ٹی سیز اور ایم پی ٹی سیز انتخابات منعقد کئے جائیں گے اور ان کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ الیکشن کمشنر نے بتایا کہ زیڈ پی ٹی سیز اور ایم پی ٹی سیز انتخابات بیالٹ پیپرس کے ذریعہ انجام دئیے جائیں گے ۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد اب تک غیر مجاز منتقل کی جانے والی رقومات کے تدارک کیلئے اقدامات کئے گئے ۔ جگہ جگہ پولیس چیک پوسٹس کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ انکے باوجود غیر مجاز منتقل کیے جانے والے 59.17 کروڑ روپئے ضبط کئے گئے ۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے سلسلہ میں 20,724 کیسیس درج رجسٹر کئے گئے اور 7483 افراد کو گرفتار کیا گیا ۔ علاوہ ازیں 179422 لیٹرس غیرمجاز شراب کو ضبط کیا گیا ۔ 412 گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں ۔ رماکانت ریڈی نے بتایا کہ 10 میونسپل کارپوریشن کیلئے جملہ 13800 پولنگ عہدیداروں کو تعینات کیا گیا جبکہ بلدی کونسلس انتخابات کیلئے 36500 پولنگ عہدیداروں کو تعینات کیا گیا ۔ اس موقع پر مسٹر نوین متل سکریٹری ریاستی الیکشن کمیشن موجود تھے ۔