آج گنیش وسرجن ، جی ایچ ایم سی سے انتظامات

خصوصی ٹیمیوں کی تشکیل ، کرین ، موٹر گاڑیوں اور صفائی عملہ متعین : کمشنر بلدیہ
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ 27 ستمبر ( اتوار ) کو گنیش وسرجن کے لیے بلدیہ کی جانب سے موثر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ ٹینک بینڈ حسین ساگر کے علاوہ 23 تالابوں میں وسرجن سے ہمکنار کرنے عملہ کو متحرک کردیا گیا ہے ۔ وسرجن کے موقع پر شوبھا یاترا کے جملہ 388 کیلو میٹر کے راستہ میں جملہ 180 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور فی ٹیم ایک سینیٹری سپروائزر ، 3 ایس ایف اے ، اور 21 صفائی عملہ پر مشتمل ہوگی اور دو شفٹوں میں کام کرنے والی ٹیموں میں 6456 افراد کو متعین کیا گیا ہے اور بتایا کہ حسین ساگر پر 25 ٹن گنجائش کے 41 گاڑیاں ، 6 ٹن گنجائشی 114 گاڑیاں ، 14 جے سی بی ، اور ہر تین کرین کے لیے 21 افراد کو جب کہ وسرجن کے موقع پر کچرے کی نکاسی کے لیے دو شفٹوں کی تشکیل عمل میں لائی گئی جن میں فی شفٹ میں 500 انٹامالوجی عملہ کو متعین کیا گیا ہے ۔ وسرجن جلوس کے راستہ میں واقع 146 علاقوں میں 13 کروڑ 55 لاکھ روپئے کے صرفہ سے سڑکوں کی مرمت کی گئی ہے ۔ ٹینک بینڈ ، این ٹی آر مارگ ، نیکلس روڈ پر خواتین اور مردوں کے لیے خصوصی بیت الخلاء قائم کئے گئے ۔ گنیش وسرجن کے جلوس کے راستہ میں جملہ 23,353 عارضی لائٹوں کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ وسرجن سے متعلق عوام کو درپیش مسائل کی یکسوئی کے لیے جی ایچ ایم سی کے فون نمبر 040-21111111 پر ربط کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔۔