حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : کانگریس رکن اسمبلی ڈی کے ارونا نے تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر سے الگ ایک نیا ضلع گدوال بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے منگل 29 مارچ کو چلو حیدرآباد پروگرام منظم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ گدوال اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرنے والی ڈی کے ارونا نے جو نیا ضلع تشکیل دینے کے لیے مہم چلا رہی ہیں ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے دئیے گئے تیقن کو یاد دلایا جو بہتر نظم و نسق کے لیے زیادہ اضلاع قائم کرنے کے حق میں ہیں ۔ ارونا نے کہا کہ گدوال کم از کم چار اسمبلی حلقوں کے لیے مرکزی مقام کی حیثیت رکھتا ہے اور بہتر ریل اور روڈ رابطوں سے مربوط ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرس سے طویل فاصلہ کی وجہ سے عالم پور ، گدوال ، مکتھل اور نارائن پیٹ اسمبلی حلقوں کے عوام کو صحت اور تعلیم سے متعلق ضروریات کی تکمیل کے لیے کرنول ، آندھرا پردیش اور رائچور ، کرناٹک جانا پڑرہا ہے ۔ نئے ضلع کی تشکیل کے مطالبہ کی تائید میں ہزراہا عوام چلو اسمبلی پروگرام میں حصہ لینے منگل کو حیدرآباد پہونچ رہے ہیں ۔۔