حیدرآباد۔ 25 مارچ (سیاست نیوز) آسٹریلیا میں کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میچ کے پیش نظر جوکہ آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان کھیلا جانے والا ہے، چوکسی اختیار کرلی گئی ہے چونکہ پولیس کو خفیہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ دونوں شہروں میں کروڑہا روپئے کا سٹہ کھیلا جائے گا۔ سٹی پولیس کے اعلیٰ ذرائع نے بتایا کہ بعض رہائشی اپارٹمنٹس میں بڑے پیمانے پر کل موبائل اور واٹس ایپ کے ذریعہ سٹہ کا کاروبار عروج پر ہوگا۔ بتایا جاتا ہے کہ کمشنر پولیس کی پانچوں ٹاسک فورس ٹیموں کے علاوہ مقامی پولیس اسٹیشنس کے کرائم عملے کو بھی اس سلسلے میں آگاہ کیا گیا ہے تاکہ سٹے کے کاروبار کی فوری نشاندہی کرتے ہوئے اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت اور بروقت کارروائی کی جائے۔ کرکٹ ورلڈ کپ کے آغاز سے شہر میں ٹاسک فورس ٹیموں نے کرکٹ پر سٹہ کھیلنے والے کئی ریاکٹس کو بے نقاب کیا ہے، لیکن کل سیمی فائنل کے سبب سٹے کا کاروبار کروڑہا روپئے ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پولیس کو شبہ ہے کہ شہر میں کل کھیلے جانے والے سٹہ میں مقامی افراد کے علاوہ بین ریاستی ٹولیاں جن کا تعلق ممبئی اور دیگر مقامات سے ہے، سرگرم ہوں گی۔ پولیس بعض موبائل فون سرویس پروائیڈرس کی مدد بھی حاصل کرے گی تاکہ میچ کے دوران زیادہ سے زیادہ استعمال کئے جانے والے موبائل نمبرس پر نظر رکھی جاسکے۔ ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ جاریہ کرکٹ میچس پر موبائل فونس کے ذریعہ سٹہ کی بولی وصول کی جارہی ہے اور اسے بڑے پیمانے پر چلایا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق میں گرفتار سٹہ بازوں کی سرگرمیوں پر بھی کڑی نظر رکھی جارہی ہے تاکہ وہ دوبارہ اس کاروبار میں ملوث ہونے پر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جاسکے۔ ذرائع نے بتایا کہ حیدرآباد کے علاوہ سائبرآباد کی اسپیشل آپریشن ٹیموں کو بھی چوکس رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔