حیدرآباد 4 فبروری (سیاست نیوز) سیما آندھرا میں متحدہ آندھرا پردیش کے مطالبہ پر پھر احتجاج شروع کیا گیا جبکہ تقسیم ریاست کے خلاف آندھراپردیش نان گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن نے ہڑتال کا راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ۔ اے پی این جی اوز اسوسی ایشن نے آج حکومت کو ہڑتال کی نوٹس حوالہ کرنے مسٹر اشوک بابو صدر اے پی این جی اوز اسوسی ایشن کی قیادت میں ایک وفد نے سکریٹریٹ میں چیف سکریٹری ڈاکٹر پی کے موہنتی سے ملاقات کی کوشش کی لیکن چیف سکریٹری کی عدم موجودگی کے باعث وفد نے پرنسپال سکریٹری جی اے ڈی مسٹر سنہا سے ملاقات کرکے اے پی این جی اوز اسوسی ایشن و سیما آندھرا ملازمین کی ہڑتال کی نوٹس پیش کی۔ اشوک بابو نے بتایا کہ سیما آندھرا میں سیما آندھرا ملازمین 5 فبروری کی نصف شب سے اپنی ہڑتال کا آغاز کریں گے اور پارلیمنٹ سیشن کے اختتام تک سلسلہ وار غیرمعینہ مدت کی ہڑتال جاری رکھیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ متحدہ آندھرا کیلئے یہ جدوجہد اور ہڑتال ہو رہی ہے ۔ اشوک بابو نے بتایا کہ سیما آندھرا میں تمام محکمہ جات بشمول اساتذہ یونینوں نے ہڑتال میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آر ٹی سی ملازمین اس ہڑتال میں شامل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیما آندھرا علاقہ میں نظم و نسق کو دوسری مرتبہ مکمل معطل کردیا جائے گا اور تمام سرکاری سرگرمیاں ٹھپ ہوکر رہ جائیں گی۔