نئی دہلی ۔27 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک بھر میں کل بینکوں میں عام خدمات متاثر رہیں گی کیونکہ یو ایف بی یو کی زیرقیادت مختلف یونینوں نے کئی مطالبات بشمول اُجرتوں کے سلسلے میں ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے ۔ خانگی بینکس جیسے آئی سی آئی سی آئی ، ایچ ڈی ایف سی ، ایکسیس اور کوٹاک مہندرا معمول کے مطابق کام کریں گے تاہم چیکس کلیرنس میں تاخیر ہوگی ۔ کئی بینکوں بشمول ایس بی آئی ، پی این بی اور بی او بی نے پہلے ہی اپنے صارفین کو ہڑتال کے بارے میں واقف کرادیا ہے ۔ یونائیٹیڈ فورم آف بینک یونینس ( یو ایف بی یو)جملہ 9 یونینوں کا نمائندہ فورم ہے ، لیکن بھارتیہ مزدور سنگھ سے ملحق بینک ورکرس کی تنظیم اور نیشنل آرگنائزیشن آف بینک آفیسرس اس ہڑتال کا حصہ نہیں ہوں گے ۔ آل انڈیا بینکس ایمپلائیز اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری سی ایچ وینکٹ چلم کے بموجب چیف لیبر کمشنر نے 21 فبروری کو بینک انتظامیہ اور یونینوں کے درمیان مصالحتی بات چیت کی لیکن اس میں کوئی پیشرفت نہ ہوسکی ۔