حیدرآباد ۔ 22 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر میں مرکزی گنیش جلوس کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں ۔ سٹی پولیس کی جانب سے اس سلسلہ میں سخت ترین حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں اور بحیثیت مجموعی 17 ہزار پولیس ملازمین کی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ سٹی پولیس کی جانب سے 605 حساس اور 310 انتہائی حساس علاقوں کی نشاندہی کرلی گئی ہے ۔ پولیس نے ان مقامات پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے صیانتی انتظامات انجام دئیے ہیں ۔ پولیس ذرائع کے مطابق تینوں کمشنریٹس کے علاوہ رنگاریڈی کے مقامات پر جملہ 14500 گنیش کی مورتیوں کا وسرجن کیا جائے گا ۔ پولیس کی جانب سے انتظامات کے تحت 13 گرے ہاونڈ اور 2 آکٹوپس کی یونٹس 81 واچ ٹاورز 16 بم کو ناکارہ بنانے والی ٹیموں کے علاوہ غوطہ خوروں ، کوئیک ایکشن ٹیموں کو بھی تعیناتی کیا گیا ہے اور جلوس کے گذر گاہوں پر خصوصی نظر رکھی جائے گی ۔ جلوس پر نظر رکھنے کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں اور ان کو کمانڈ کنٹرول سے مربوط کردیا گیا ہے ۔ پولیس کے اعلی عہدیدار تمام تر انتظامات پر راست نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ مرکزی گنیش جلوس کیشوگری بالاپور سے شروع ہوگا اور پرانے شہر کے حساس و انتہائی حساس علاقوں سے گذرتا ہوا ٹینک بینڈ پہونچے گا ۔ٹینک بنڈ پر آج رات دیر گئے بلکہ پیر کی صبح تک مورتیوں کا وسرجن جاری رہنے کا امکان ہے ۔