حیدرآباد۔/4جون، ( سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے ترتیب دیئے گئے جشن تلنگانہ پروگرام کے سلسلہ میں کل 5جون کو قومی سمینار اور شب غزل کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ ’ تلنگانہ منظر اور پس منظر‘ کے عنوان سے دو روزہ قومی سمینار کے دوسرے دن 5 جون کو پہلا سیشن صبح 10:30تا12:30 بجے دن اردو مسکن میں منعقد ہوگا۔ڈاکٹر سید مصطفی کمال ایڈیٹر شگوفہ صدارت کریں گے۔ ڈاکٹر موسیٰ اقبال اسسٹنٹ پروفیسر اردو ستواہانہ یونیورسٹی کریم نگر، ڈاکٹر داؤد اشرف سابق ریسرچ آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ آرکیوز، پروفیسر مجید بیدار سابق صدر شعبہ اردو عثمانیہ یونیورسٹی، ڈاکٹر اطہر سلطانہ اسوسی ایٹ پروفیسر تلنگانہ یونیورسٹی اور ڈاکٹر عتیق اقبال پروفیسر اردو آرٹس ایوننگ کالج مقالے پیش کریں گے۔ 2 بجے دن تا 5بجے شام دوسرا سیشن ہوگا جس کی صدارت پروفیسر بیگ احساس سابق صدر شعبہ اردو سنٹرل یونیورسٹی حیدرآباد کریں گے۔ ڈاکٹر قطب سرشار سابق لکچرر، ڈاکٹر معید جاوید صدر شعبہ اردو عثمانیہ اور ڈاکٹر اسلم فاروقی گورنمنٹ ڈگری کالج نظام آباد مقالے پیش کریں گے۔ رات 8:30بجے تاریخی چارمینار کے دامن میں شب غزل کا اہتمام ہوگا جس میں عالمی شہرت یافتہ غزل سنگر غلام علی اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
تلگو دیشم حکومت کو بھومی پوجا کیلئے
الیکشن کمیشن کی منظوری
حیدرآباد۔ 4 جون (پی ٹی آئی) الیکشن کمیشن نے حکومت آندھرا پردیش کو آج مشروط اجازت دے دی کہ اپنے دارالحکومت شہر اور دیگر پروگراموں کیلئے جو اس ہفتے منعقد کرنے کی تجویز ہے ، بھومی پوجا کی رسم انجام دے سکتے ہیں۔ ای سی کے چیف الیکٹورل آفیسر کے جاری کردہ بیان کے مطابق ریاستی حکومت نے ان پروگراموں کے انعقاد کیلئے ای سی کی اجازت چاہی تھی کیونکہ ریاست میں جاریہ انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق نافذالعمل ہے۔