نئی دہلی ۔ 11 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر ریلوے ملکارجن کھرگے کل پارلیمنٹ میں عبوری ریلوے بجٹ برائے سال 2014-15 پیش کریں گے ۔ امکان ہے کہ وہ ریل کرایوں کو جوں کا توں برقرار رکھیں گے تاہم ریل خدمات کو مزید موثر بنانے کیلئے بعض نئی ٹرینوں کا اعلان کیا جاسکتا ہے ۔ ملکارجن کھرگے نے آج ریل بھون میں واقع ان کے دفتر میں عبوری بجٹ کو قطعیت دی۔ یہ ان کا اور وزیراعظم منموہن سنگھ کی زیر قیادت یو پی اے II حکومت کا آخری ریل بجٹ ہوگا کیونکہ لوک سبھا کی میعاد ختم ہورہی ہے ۔ عبوری بجٹ میں عام طور پر کوئی بڑے نئے پراجکٹ یا پالیسی فیصلوں کا اعلان نہیں کیا جاتا۔
تاہم ذرائع کے مطابق حکومت فیول سبسیڈی کے تعلق سے ضروری انتظام و انصرام کرے گی جس سے کرایوں میں کسی قدر کمی ہوسکتی ہے ۔ یو پی اے حکومت کی جانب سے عبوری ریلوے بجٹ پیش کرنے کے بعد اس پر مباحث ہوں گے اور دوسرے دن منظوری کا امکان ہے ۔ اس کے علاوہ عام عبوری بجٹ برائے سال 2014-15 ء بھی 17 فروری بروز پیر پیش کیا جائے گا اور فوری مباحث کے بعد دوسرے دن اس کی منظوری کا امکان ہے ۔ان دو اہم مراحل کی تکمیل کے بعد ہی حکومت کئی اہم بلز بشمول تلنگانہ بل پیش کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے جبکہ آخری سیشن کے ختم ہونے کیلئے صرف تین دن ہی باقی رہ جاتے ہیں۔