حیدرآباد۔ 3 جون (سیاست نیوز) ایس ایس سی امتحانات کے اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کا 4 جون سے انعقاد عمل میں آئے گا۔ امتحانات پرامن و شفاف انعقاد کو یقینی بنانے انتظامات مکمل کرلئے گئے۔ بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کے باوثوق ذرائع نے کہا کہ اڈوانسڈ سپلیمنٹری ایس ایس سی امتحانات میں جملہ 1,03,528 طلباء و طالبات شرکت کریں گے، ۔ 31 اضلاع میں جملہ 451 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ اسی دوران ڈائرکٹر سرکاری امتحانات بی سدھاکر نے بتایا کہ تمام طلباء و طالبات کو ہال ٹکٹس فراہم کردیئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں امتحانات میں کسی بے قاعدگی کا موقع فراہم نہ کرنے کیلئے فلائنگ اسکواڈز تشکیل دیئے گئے ہیں اور کسی بھی طالب علم کے پاس سے نقل نویسی کے سلپس دستیاب ہونے کی صورت میں ان طلبہ کو امتحان ہال سے باہر نکال دیا جائے گا اور سخت کارروائی کی جائے گی۔