آج سنگاپور ۔ انڈیا ڈاک ٹکٹ کی اجرائی

سنگاپور ۔ 23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم ہند نریندر مودی اور ان کے سنگاپورین ہم منصب لی شین لونگ کل مشترکہ طور پر ایک ڈاک ٹکٹ کا افتتاح انجام دیں گے جس میں دونوں ممالک کے قصرصدارت کو پیش کیا گیا ہے۔ مذکورہ ڈاک ٹکٹ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 50 سال مکمل ہونے پر بطور یادگار جاری کیا جائے گا۔ سنگاپور پوسٹ کے مطابق ڈاک ٹکٹ پر استانا آف سنگاپور اور راشٹرپتی بھون کی تصاویر ہیں۔ استانا میں دونوں قائدین ڈاک ٹکٹ کی رسم اجراء انجام دیں گے۔ ڈاک ٹکٹوں کی مکمل سیٹ کی قیمت 2.30 سنگاپور ڈالرس ہوگی جس کی آن لائن خریداری بھی کی جاسکتی ہے۔ نریندر مودی آج پہلے سرکاری دورہ پر سنگاپور پہنچیں گے جہاں دونوں ممالک ایک معاہدہ پر دستخط کے بعد اپنی حکمت عملی شراکت داری کو مستحکم کریں گے۔ لی کے علاوہ نریندر مودی صدر سنگاپور ٹونی ٹان کینگ یام اور سینئر وزیرگوہ چاک ٹانگ سے بھی ملاقات کریں گے۔