آج زور دار دھماکہ اور اموات کی افواہیں

سوشیل میڈیا پر مہم سے عوام میں بے چینی
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ملک بھر میں سوشیل میڈیا پر پھیلے ایک پیغام کی وجہ سے عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے اور مختلف قسم کی افواہیں گشت کرنے لگی ہیں۔ 15 رمضان المبارک کو ایک دھماکہ خیز آواز اور اموات کی افواہوں کے سبب عوام کے درمیان تذبذب پایا جاتا ہے اور کئی لوگ پریشانی کے عالم میں اس واقعہ کے متعلق حقائق سے آگہی حاصل کرنے ایک دوسرے کو اس کے متعلق واقف کروا رہے ہیں۔ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع اور ملک کے کئی مقامات پر اس سلسلہ میں عوام میں بے چینی دیکھی جارہی ہے اور ممبئی میں تو محکمہ پولیس نے 15 رمضان ا لمبارک کو ہائی الرٹ رکھتے ہوئے مستعدی کے ساتھ ڈیوٹی انجام دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ علاوہ ازیں ممبئی کے مختلف مقامات پر چوکسی میں اضافہ کی بھی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے مختلف مقامات پر عوام 15 رمضان المبارک کو جمعہ ہونے کے باعث کسی واقعہ کے پیش آنے کے سلسلہ میں گفت و شنید کرتے نظر آرہے ہیں لیکن اکابر علمائے کرام نے اس طرح کے کسی بھی واقعہ کا رد کرتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ قیامت کا کوئی وقت متعین نہیں ہے اور اس طرح کی افواہوں کے ذریعہ عوام میں خوف و دہشت پھیلانا درست نہیں ہے۔علمائے اکرام کے علاوہ پیغام میں جس حوالہ سے بات کہی گئی ہے، اس گوشہ کی جانب سے بھی اس بات کی تردید کردی گئی ہے کہ حضرت امام احمد رضا خاں بریلویؒ کی تحریروں کا جو حوالہ دیا گیا ہے وہ غلط انداز میں پیش کرتے ہوئے عوام میں خوف و دہشت پیدا کی گئی ہے۔سوشیل میڈیا بالخصوص واٹس اپ پر گشت کر رہے اس پیغام کے متعلق علماء کی وضاحت کے باوجود اس پر یقین کرتے ہوئے استفسار کرنا درست نہیں ہے۔ اسی لئے عوام کو چاہئے کہ وہ اس طرح کی افواہوں پر دھیان دیئے بغیر ماہِ رمضان المبارک کے دوران عبادات میں مشغول رہیں۔