حیدرآباد 30 مئی (سیاست نیوز) رمضان المبارک کے آخری جمعہ جمعۃ الوداع کے موقع پر حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی انتظامات اور ٹریفک تحدیدات عائد کئے گئے ہیں۔ تاریخی مکہ مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے صبح 9 بجے تا سہ پہر 3 بجے ٹریفک تحدیدات عائد رہیں گی۔ ٹریفک پولیس نے مدینہ جنکشن۔ نیاپُل سے چارمینار کی سمت جانے والی ٹریفک کا رُخ مدینہ جنکشن سٹی کالج کی سمت کردیا جائیگا۔ ہمت پورہ جنکشن۔ ناگول چنتہ، شاہ علی بنڈہ سے چارمینار کی سمت جانے والی ٹریفک کا رُخ ہمت پورہ جنکشن، ہری باؤلی، والگا ہوٹل ٹی جنکشن خلوت کی سمت کردیا جائے گا۔ اِسی طرح چوک میدان خان۔ کوٹلہ عالیجاہ سے چارمینار کی سمت جانے والی ٹریفک کا رُخ چوک میدان خاندان سے مسجد حافظ ڈنکا مغلپورہ اور ارمان ہوٹل کی سمت کردیا جائے گا۔ موتی گلی۔ موسیٰ باؤلی سے چارمینار جانے والی ٹریفک کا رُخ موتی گلی، خلوت گراؤنڈ راجیش میڈیکل ہال شاہ علی بنڈہ اور فتح دروازہ کردیا جائے گا۔ اعتبار چوک سے گلزار حوض کی سمت جانے والی ٹریفک کا رُخ منڈی میرعالم اور بی بی بازار کی سمت کردیا جائے گا۔ مٹی کا شیر سے گلزار حوض کی سمت جانے والی ٹریفک کا رُخ گھانسی بازار، ہائیکورٹ روڈ اور خلوت کی سمت کردیا جائے گا۔ آندھراپردیش ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل سے لکڑکوٹ قدیم کمشنر آفس پرانی حویلی کا رُخ منڈی میر عالم کی سمت کردیا جائے گا۔ جمعۃ الوداع کے موقع پر مصلیوں کی سہولت کے لئے ٹریفک پولیس نے مفیدالانام گراؤنڈ کوٹلہ عالیجاہ پارکنگ، چارمینار بس اسٹانڈ پارکنگ، نظامیہ طبی ہاسپٹل چارمینار پارکنگ، خلوت گراؤنڈ پارکنگ، قدیم پنشن آفس، اُردو مسکن ہال، شاہ فنکشن ہال سیلار میں مفت پارکنگ کا انتظام رہے گا۔ ٹریفک تحدیدات کے دوران آر ٹی سی بسوں اور دیگر گاڑیوں کی آمد و رفت پر پابندی رہے گی۔ ٹریفک پولیس نے جامع مسجد سکندرآباد میں نماز جمعۃ الوداع کے لئے بھی بعض تحدیدات عائد کئے ہیں۔ سبھاش روڈ سکندرآباد یعنی مہانکالی پولیس اسٹیشن اور رام گوپال پیٹ جنکشن پر صبح 9 تا ایک بجے دن تک ٹریفک تحدیدات عائد رہیں گی۔ جبکہ باٹا چوراہا سے سبھاش روڈ جانے والی ٹریفک کا رُخ مہانکالی پولیس اسٹیشن اور لالہ مندر کی سمت کردیا جائے گا۔ ایڈیشنل کمشنر ٹریفک انیل کمار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک پولیس سے تعاون کریں۔