آج تبلیغی اجتماع میں تربیتی وعظ اور 75 جوڑوں کا نکاح

حیدرآباد ۔ /21 نومبر (سیاست نیوز) سہ روزہ تبلیغی اجتماع کے دوسرے دن بعد نماز فجر مولانا محمد مرسلین کا بیان ہوگا ۔ علاوہ ازیں شاہین نگر میں جاری اجتماع کے دوران بعد نماز ظہر مولانا محمد شوکت سیتا پوری کا خصوصی تربیتی وعظ ہوگا جبکہ بعد نماز عصر 75 جوڑوں کا نکاح سنت کے مطابق انجام دیئے جائیں گے ۔ مولانا سید ساجد پیر زادہ معاون و رفیق کار تبلیغی جماعت نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ بعد نماز عصر سادگی کے ساتھ نکاح کے فضائل اور نکاح میں خرافات کے نتائج کے عنوان پر جید علمائے اکرام خطاب فرمائیں گے ۔ بعد نماز مغرب مولانا قاسم قریشی کا خصوصی بیان ہوگا ۔ اجتماع گاہ میں نماز فجر 5.55 پر ادا کی جائے گی جبکہ نماز ظہر کیلئے 2 بجے کا وقت مقرر کیا گیا ہے ۔ عصر کی نماز 4.40 پر ادا کی جائے گی ۔ نماز مغرب 5.50 پر ہوگی ۔ مغرب کے بعد خصوصی خطاب ہوگا اور وعظ و نصیحت کے اختتام کے بعد نماز عشاء قریب 9.00 بجے ادا کی جائے گی ۔ اس عظیم الشان اجتماع میں مرکز نظام الدینؒ نئی دہلی سے تشریف لانے والے عالمی شہرت یافتہ علمائے اکرام میں مولانا قاسم قریشی ، مولانا محمد شوکت سیتاپوری ، مولانا شیخ مشتاق صاحب ، مولانا محمد مرسلین اور مولانا اسلم صاحب ناگپوری کے علاوہ ملک بھر کے مختلف صوبوں سے ذمہ داران شامل ہیں ۔ مولانا اسلم ناگپوری کا بھی آج دن میں وعظ ہوا جس میں انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے دینی سے بچیں اور اللہ اور اس کے حبیب کے بتائے راستہ پر چلتے ہوئے زندگی گزاریں ۔