آج بابری مسجد شہادت کی 22 ویں برسی

نئی دہلی 5ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) آج بابری مسجد کی شہادت کی 22 ویں برسی ہے ۔ بابری مسجد کی شہادت کی برسی کے موقع پر ملک بھر میں سخت ترین چوکسی اختیار کی گئی ہے اور وسیع تر صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ حساس نوعیت کے مقامات پر اضافی پولیس دستوں کو متعین کردیا گیا ہے اور بعض مقامات پر جلوسوں اور ریلیوں پر امتناع بھی عائد کردیا گیا ہے ۔ ٹاملناڈو میں پولیس کی جانب سے سخت صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ تقریبا تمام بڑے شہروں اور ٹاؤنس کے علاوہ ضلع ہیڈ کوارٹرس پر سکیوریٹی بڑھادی گئی ہے ۔ اہم مقامات پر میٹل ڈیٹکٹرس بھی نصب کردئے گئے ہیں۔ 60,000 پولیس اہلکاروں کو متعین کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ اتر پردیش میں اہم شہروں اور خاص طور پر ایودھیا اورا طراف میں سکیوریٹی بڑھادی گئی ہے اور سخت چوکسی برتی جا رہی ہے ۔ ملک کی مختلف ریاستوںمیں بھی حکام کی جانب سے انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ حیدرآباد میں پولیس نے بابری مسجد شہات کی برسی کے موقع پر ریلیوں پر امتناع عائد کردیا ہے ۔