حیدرآباد 4 ڈسمبر (سیاست نیوز ) جوائنٹ ایکشن کمیٹی برائے آٹو ڈرائیورس یونین نے 5 ڈسمبر کو ایک روزہ بند کا اعلان کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے روڈ ٹرانسپورٹ سیفٹی بل کی سختی کے ساتھ مذمت کی ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آٹو یونین قائد جناب امان اللہ خان نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے متعارف کردہ روڈ ٹرانسپورٹ سیفٹی بل غریب آٹو ڈرائیورس کیلئے نقصاندہ ہے ۔ انہوں نے مرکزی اور ریاستی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں غریب عوام دشمن پالیسیوں کے ذریعہ غریب آٹو ڈرائیورس کے حقوق سلب کرنے کا کام کررہی ہیں۔ جناب امان اللہ خان نے سٹی ٹریفک پولیس پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ غریب آٹو ڈرائیورس کو بے تحاشہ چالانات کے ذریعہ ہراساں و پریشان کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ہراسانی کے سبب بیشتر آٹو ڈرائیور اپنا پیشہ ترک کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں جبکہ آٹو چلانے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ ان کے پاس نہیں ہے ۔