آج اور کل تین نادر فلکیاتی نظار ے

حیدرآباد 2 جنوری ( سیاست نیوز)جاریہ مہینے تین نادر فلکیاتی نظارے دیکھنے کو ملیں گے ۔ فلکیاتی نظاروں کے شائقین مریخ کو سادہ آنکھ سے دیکھ سکیں گے جبکہ اسی ماہ دمدار ستاروں کی بارش ہوگی اور زمین سورج کے قریب آئیگی ۔ بی ایم برلا سائینس سنٹر کے بموجب 3 جنوری کو چاند سیارہ مریخ کے قریب ہوگا ۔ یہ دونوں ایک دوسرے سے بہت قریب ہونگے اور زمین سے دیکھے جاسکیں گے ۔ اس دن مریخ کا چاند سے فاصلہ 247 ملین کیلومیٹر کا رہے گا ۔ فلکیاتی نظاروں کے شائقین سورج غروب ہونے کے بعد مغرب کی سمت میں یہ نظارہ کرسکیں گے ۔ اس کے علاوہ سالانہ دم دار ستاروں کی بارش 28 ڈسمبر سے شروع ہوچکی ہے اور یہ 3 اور 4 جنوری کو اپنے عروج پر ہوگی ۔ اسے مشرق اور شمال مشرق کی سمت میں دیکھا جاسکے گا ۔ یہ نظارہ صاف و سیاہ آسمان میں دیکھا جا سکے گا ۔ اس کے علاوہ 4 جنوری کو زمین اپنے مدار میں سورج سے قریب ہوگی ۔ سورج اور زمین کے مابین سب سے زیادہ فاصلہ جولائی 2017 میں رہے گا ۔