آتشزدگی واقعہ ، مہلوکین کی تعداد 17 ہوگئی

پانچ زخمیوں کی حالت تشویشناک ، ’گیل ‘ کے خلاف غفلت و لاپرواہی کا مقدمہ درج
ناگارم ۔ 28 ۔ جون : ( پی ٹی آئی ) : آندھرا پردیش کے ضلع مشرقی گوداوری میں گیس انڈیا لمٹیڈ ( گیل ) کے شکستہ پائپ لائن سے گیس کے اخراج کے سبب آتشزدگی اور دھماکہ میں فوت ہونے والوں کی تعداد 17 تک پہونچ گئی ۔ اس دوران آندھرا پردیش پولیس نے اس سرکاری ادارہ کے خلاف غفلت و لاپرواہی کا ایک مقدمہ درج کرلیا ۔ پولیس نے کہا ہے کہ بشمول ایک لڑکی دو افراد آج دوران علاج فوت ہوگئے ۔ دیگر 20 زخمیوں میں پانچ کی حالت بدستور تشویشناک ہے جو 80 فیصد سے زائد جھلس گئے ہیں ۔ مشرقی گوداوری کے پولیس سپرنٹنڈنٹ جی وجئے کمار نے کہا کہ کاکیناڈا کے ایک خانگی دواخانہ میں زیر علاج ایک شخص اور ایک چار سالہ لڑکی فوت ہوگئی ۔ جس کے ساتھ ہی اس سانحہ میں متوفیوں کی تعداد 17 تک پہونچ گئی ہے ۔ واضح رہے کہ موضع ناگارم میں گیس پائپ لائن سے اخراج کے سبب کل رات کے آخری پہر اچانک مہیب آگ بھڑک اٹھی تھی جب ایک چائے کی دکان کے مالک نے اپنا اسٹو ( چولھا ) سلگایا تھا ۔ اس آگ نے اطراف و اکناف کے دیڑھ کیلو میٹر علاقہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا جس کے نتیجہ میں وہاں موجود ناریل کے باغات ، گھر ، جھونپڑیاں اور سب کچھ مکمل طور پر جھلس کر خاکستر ہوگیا تھا ۔ کئی دیہاتیوں کا الزام ہے کہ انہوں نے بہت پہلے ہی گیل حکام سے شکایت کی تھی کہ شکستہ پائپ لائن کے سبب سارے علاقہ میں جگہ جگہ گیس کا اخراج ہورہا ہے اور کسی بھی وقت کہیں بھی ہولناک آگ بھڑک اٹھ سکتی ہے لیکن حکام نے ان کی شکایت پر کوئی توجہ نہیں دی تھی ۔۔