آبی قلت سے نمٹنے حکومت کے اقدامات

تلنگانہ قانون ساز کونسل میں وزیر کے ٹی راما راؤ کا بیان
حیدرآباد۔28،مارچ(سیاست نیوز) ریاستی حکومت ریاست تلنگانہ کو فاضل برقی پیدا کرنے والی ریاست میں تبدیل کر رہی ہے‘ اسی طرح شہر حیدرآباد کو فاضل آب شہر میں تبدیل کرنے کی خواہاں ہے۔ وزیرپنچایت راج مسٹر کے ٹی راما راؤ نے آج قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت آبی قلت سے نمٹنے کے اقدامات کر رہی ہے‘ شہر ہی نہیں بلکہ ریاست بھر میں درپیش پانی کی قلت کو دور کرنا بے حد ضروری ہے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ چیف منسٹر صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دے رہے ہیں۔ شہر حیدرآباد میں پانی کی قلت کے مسئلہ کو دور کرنے کے اقدامات سے ایوان کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے دو نئے ذخائر آب کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جن میں 20TMC پانی کی گنجائش رہیگی۔ حکومت کے منصوبے کے مطابق ضلع رنگاریڈی کے علاوہ ضلع نلگنڈہ میں میں یہ ذخائر آب تعمیر کیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال شہر کو کرشنا اور گوداوری کے ذریعہ پانی کی سربراہی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ شہر کو درکار جملہ 172MGD پانی کی سربراہی میں کوئی تخفیف نہیں کی گئی ہے۔گوداوری کے پہلے مرحلہ ( مولانا ابولکلام آزاد سجالہ سرونتی اسکیم) کے ذریعہ 86 MGDپانی کے سربراہی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے منظورہ شہر حیدرآباد کیلئے مخصوص دو علیحدہ ذخائر آب کی تعمیر کے لیے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ شخصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے وقفہ سوالات کے دوران کانگریس رکن قانون سازکونسل مسٹر پی۔ سدھاکر ریڈی کے سوال کا جواب دے رہے تھے۔