آبی بحران : ایوت محل کو حکومتی مدد مطلوب

شہر کو چار یوم میں ایک مرتبہ پانی کی سربراہی، مختلف اقدامات زیرغور
ایوت محل ، 27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے خطہ ٔ ودربھ میں قبائلی اکثریت والے ایوت محل کو پانی کی عدیم النظیر قلت کا سامنا ہے، اور اس ضلع کے نظم و نسق نے موجودہ بحران سے نمٹنے کیلئے حکومت کو ایک تجویز پیش کی ہے۔ نیلونا ڈیم جو اس شہر اور اطراف کے دیہات کو پینے کا پانی سربراہ کرنے کا بڑا ذریعہ ہے، اور اس کا ذخیرۂ آب تشویشناک حد تک خشک ہوگیا ہے۔ چنانچہ محکمہ مہاراشٹرا واٹر سپلائی کو شہر کیلئے سربراہی کے اپنے نظام الاوقات میں ردوبدل کیلئے مجبور ہونا پڑا، اور اب سربراہی چار یوم میں ایک مرتبہ تک محدود ہے۔ ضلع نظم و نسق نے بالخصوص دیہات میں پینے کے پانی کے مسئلہ پر گہری نظر رکھی ہے اور ابھی تک اس ضلع میں پانی کی قلت سے دوچار زائد از 34 دیہات کو سربراہی ٔ آب کیلئے 27 ٹینکرز (12 سرکاری اور 15 خانگی) مشغول کئے جاچکے ہیں ۔ ڈسٹرکٹ کلکٹر سچندر پرتاپ سنگھ نے کہا کہ انھوں نے ریاستی حکومت کو 9 کروڑ روپئے کی تجویز پیش کی ہے تاکہ ایوت محل کے مکینوں کو درپیش پینے کے پانی کے مسئلے سے نمٹا جاسکے۔ یہ رقم ابھی وصول نہیں ہوئی ہے۔ ذرائع نے کہا کہ قلت کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مکینوں کو رات میں پانی کی چوری کے اندیشے پر اپنے واٹر اسٹوریج ٹینکوں کو مقفل کرتے دیکھا جارہا ہے۔