آبپاشی پراجیکٹ کو منظوری پر چیف منسٹر کا مرکز سے اظہار تشکر

حیدرآباد 25 جنوری ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راو نے آج مرکز سے اظہار تشکر کیا کیونکہ مرکزی حکومت کی جانب سے پالمورو رنگا ریڈی آبپاشی پراجیکٹ کو منظوری دیدی گئی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ مرکزی وزارت ماحولیات نے پالمورو رنگا ریڈی آبپاشی پراجیکٹ کو محکمہ جنگلات کی قطعی منظوری دیدی ہے ۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس منظوری سے پراجیکٹ کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی ۔ چندر شیکھر راو نے مرکزی وزیر ماحولیات و جنگلات ہرش وردھن سے اس سلسلہ میں اظہار تشکر کیا ہے ۔ یہ پراجیکٹ محبوب نگر ‘ رنگا ریڈی اور نلگنڈہ اضلاع کے جملہ 12.3 لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کرنے کیلئے شروع کیا جا رہا ہے ۔