آبپاشی پراجکٹس کی ڈیزائیننگ میں چیف منسٹر کا اہم رول ،پراجکٹس کی تعمیر پر ریاستی کانفرنس، چیف سکریٹری ایس کے جوشی اور ہریش راؤ کا خطاب

حیدرآباد ۔ 7 ۔جون (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر سوشیل انجنیئر ہے اور آبپاشی پراجکٹس کی تکمیل میں ان کا اہم رول ہے۔ چیف منسٹر نے کئی پراجکٹس کی ری ڈیزائیننگ میں ایک انجنیئر کی طرح اہم رول ادا کیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کے سی آر کو زرعی شعبہ پر بہتر تجربہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے کسانوں اور زرعی شعبہ کی بھلائی کیلئے کئی اسکیمات کا آغاز کیا۔ ہریش راؤ آج انسٹی ٹیوٹ آف انجنیئرس خیریت آباد میں گزشتہ چار برسوں میں آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر میں پیشرفت کے عنوان پر ریاستی سطح کی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ چیف سکریٹری ایس کے جوشی کے علاوہ ناگرجنا ساگر ، نظام ساگر اور سری رام ساگر پراجکٹس سے وابستہ انجنیئرس نے کانفرنس میں شرکت کی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ پراجکٹس کی تکمیل میں محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کے رول کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ عہدیداروں اور انجنیئرس کی مشترکہ مساعی کے ذریعہ پراجکٹس کے کام تیزی سے تکمیل پارہے ہیں۔ جاریہ سال ناگرجنا ساگر کے تحت 5 لاکھ 25 ہزار ایکر اراضی کو سیر آب کیا گیا۔ حکومت کی ترجیح کسانوں کی فصلوں کو نقصان سے بچانا ہے۔ ہریش راؤ نے آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر سے مختلف اضلاع میں خشک سالی کی صورتحال کے خاتمہ کا ذکر کیا اور کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آبپاشی پراجکٹس کی مقررہ مدت میں تکمیل کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے پراجکٹس کیلئے 650 زائد انجنیئرس کی خدمات حاصل کی ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ پراجکٹس کی ڈیزائننگ میں چیف منسٹر نے اہم رول ادا کیا ہے۔ جب کبھی کسی پراجکٹ کے ڈیزائننگ کا کام انجام دیا گیا ، چیف منسٹر نے ایک انجنیئر کی طرح ڈیزائننگ میں اہم مشورے دیئے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں کے دور میں آبپاشی کیلئے پانی سیر آب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کسانوں کے گھر میں احتجاج روز کا معمول تھے لیکن اب صورتحال تبدیل ہوچکی ہے۔ مشن کاکتیہ کے تحت پراجکٹس کی تعمیر جاری ہے اور انہیں امید ہے کہ تمام پراجکٹس مقررہ مدت میں تکمیل پائیں گے ۔ ہریش راؤ نے خاتون انجنییئرس کی ستائش کی اور کہا کہ پراجکٹس کی تکمیل میں انہوں نے اہم رول ادا کیا ہے ۔ حکومت نے ابھی تک 13 لاکھ ایکر اراضی کو سیرآب کرنے کا کام مکمل کرلیا ہے۔ چیف سکریٹری ایس کے جوشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت میں آبپاشی کا شعبہ تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ایس کے جوشی نے کہا کہ انہیں محکمہ آبپاشی میں خدمات انجام دینے کا موقع ملا اور آج وہ محکمہ کی کارکردگی سے مطمئن ہے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ حکومت نے کئی نئے پراجکٹس کا آغاز کیا ہے اور تکمیل کے سلسلہ میں انجنیئرس کو دلچسپی سے کام کرنا ہوگا ۔ چیف منسٹر کے او ایس ڈی ، ڈی سرینواس نے ہریش راؤ کی پراجکٹس کی تکمیل کے سلسلہ میں دلچسپی کو سراہا اور کہا کہ ہریش راؤ شخصی طور پر پراجکٹس کی تعمیری پیشرفت کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ تلنگانہ تحریک کے دوران ہریش راؤ نے ریاست میں آبپاشی ضرورتوں کے بارے میں معلومات حاصل کی تھی ، اب وزیر آبپاشی کی حیثیت سے وہ پراجکٹس کی تکمیل پر توجہ مرکوز کرچکے ہیں۔ انہوں نے کالیشورم پراجکٹس کو ریاست کیلئے ایک تاریخی پراجکٹ قرار دیا اور کہا کہ ہریش راؤ کی مساعی سے سنٹرل واٹر کمیشن نے تمام ضروری اجازت نامے جاری کردئے ہیں۔ رکن اسمبلی ہنمنت شنڈے نے پراجکٹس کی تعمیر کے سلسلہ میں انجنیئرس کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر بعض کسانوں کو بھی اظہار خیال کا موقع دیا گیا ۔ کسانوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس سے ان کی فصلوں کو سربراہی آب کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ ہریش راؤ نے انجنیئرس سے خواہش کی کہ وہ مشن کاکتیہ کے تحت ایک کروڑ ایکر اراضی کو سیر آب کرنے کے منصوبہ میں حکومت سے تعاون کریں ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ آبپاشی کی کارکردگی ملک کے دیگر ریاستوں کے لئے مثالی بن چکی ہے۔ دیگر ریاستوں کے عہدیدار تلنگانہ میں آبپاشی پراجکٹس کی تعمیری رفتار پر حیرت میں ہیں۔