آبپاشی پراجکٹس کیلئے آج اہم اجلاس

حیدرآباد 22 فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست میں انتہائی اہمیت کا حامل تصور کئے جانے والے مجوزہ آبپاشی پراجکٹ پر انہیتا چیوڑلہ پراجکٹ سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس نرملا اریگیشن گیٹ ہاوز میں منعقد ہوگا ۔ اس اجلاس میں وزیر پنچایت راج مسٹر کے ٹی راما راو اور وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راو کے علاوہ اعلی عہدیداران محکمہ آبپاشی شرکت کریں گے ۔ بتایا جاتا ہیکہ اس اجلاس میں ’مڈ مانیرو‘ پراجکٹ کے موقف کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ مڈ مانیرو پراجکٹ کو مکمل کرنے کے سلسلہ میں گذشتہ عرصہ کے دوران حیدرآباد میں وزیر آبپاشی نے اعلی عہدیداروں کے ساتھ اس پراجکٹ کے جاری کاموں کا جائزہ لیا تھا لہذا کل یعنی 23 فبروری کو منعقد ہونے والے اجلاس میں بھی وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راو مڈ مانیر پراجکٹ کے جاری کاموں کے موقف سے واقفیت حاصل کریں گے ۔ اسی ذارئع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ مسٹر کے ٹی راما راو وزیر پنچایت راج اور وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راو 23 فبروری کو اضلاع میدک و کریم نگر کا دورہ کریں گے اور مسٹر ٹی ہریش راو کے ہمراہ وزیر پنچایت راج مسٹر کے ٹی راما راو ضلع کریمنگر کے مختلف مقامات پر متعدد تقاریب میں شرکت کریں گے ۔
قبل ازیں دونوں ہی وزراء ضلع میدک کے سدی پیٹ کے مختلف منڈلوں میں منعقد ہونے والے ترقیاتی پروگراموں میں شرکت کریں گے ۔