ریونت ریڈی کی تنقیدیں مسترد، گورنمنٹ وہپ پی راجیشور ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/4اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے الزام عائد کیا کہ کانگریس قائدین آبپاشی پراجکٹس کے بارے میں بے بنیاد الزامات کے ساتھ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ گورنمنٹ وہپ پی راجیشورریڈی اور رکن اسمبلی ڈی منوہر ریڈی نے آج میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتہ سے کانگریس قائدین کے بیانات میں شدت پیدا ہوچکی ہے۔ وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کانگریس کے الزامات کا واضح طور پر جواب دے دیا ہے اس کے باوجود بیان بازی کا سلسلہ بند نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر آبپاشی کی وضاحت کے بعد تنقید کی کوئی گنجائش نہیں ہے کیونکہ حکومت پوری شفافیت کے ساتھ پراجکٹس کی تکمیل کا کام انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کانگریس رکن اسمبلی ریونت ریڈی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ الزام تراشی کیلئے مشہور ریونت ریڈی حکومت میں شامل افراد کے خلاف غیر معیاری زبان کا استعمال کررہے ہیں اور کہا کہ اگر کانگریس قائدین اپنی زبان پر قابو نہ کریں تو عوام انہیں سبق سکھائیں گے۔ راجیشور ریڈی نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں پراجکٹس کی تعمیر پر توجہ نہیں دی گئی جس کی مثال ایس ایل بی سی پراجکٹ ہے۔ 2005 ء میں ٹنل کا کام شروع ہونا تھا لیکن یہ کام 2008 ء میں شروع ہوا جبکہ 2008 کا کام 2011 میں شروع کیا گیا۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے نلگنڈہ ضلع کے عوامی نمائندوں کے ساتھ کُل جماعتی اجلاس طلب کیا۔ جون 2014 تک ٹنل I کا کام 43 کلو میٹر تک مکمل کرنا تھا لیکن صرف 23 کلو میٹر تک ہی کام کیا گیا۔ ٹی آر ایس برسراقتدار آنے کے بعد پراجکٹ کی تعمیر پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تکنیکی وجوہات کے سبب کاموں میں کسی قدر تاخیر ہوئی۔ راجیشور ریڈی نے کہا کہ کسانوں کی بھلائی اور پراجکٹس کی تعمیر میں ٹی آر ایس حکومت سنجیدہ ہے۔ کسانوں کی بھلائی کیلئے کئی منفرد اسکیمات کا آغاز کیا گیا۔ ٹی آر ایس قائدین نے کہا کہ ریونت ریڈی جیسے بلیک میلرس کی دھمکیوں سے پارٹی اور حکومت خوفزدہ نہیں ہوں گے۔اس طرح کی دھمکیوں سے پراجکٹ کی تعمیر میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران ریونت ریڈی اور دیگر قائدین نے کے سی آر پر الزامات عائد کئے تھے لیکن کے سی آر نے مسلسل جدوجہد کرتے ہوئے تلنگانہ ریاست حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ بلیک میلنگ کے ذریعہ حاصل کی گئی دولت کے بل پر ریونت ریڈی غرور و تکبر کے انداز میں گفتگو کررہے ہیں۔ ریونت ریڈی کا پھر ایک مرتبہ جیل جانا یقینی ہے۔ راجیشور ریڈی نے ریونت ریڈی کے اس الزام کو مسترد کردیا کہ انہوں نے اپنی بہن کو دھمکاکر اثاثہ جات حاصل کئے ہیں۔ راجیشور ریڈی نے کہا کہ انہیں کوئی بہن نہیں ہے اور وہ تین بھائی ہیں۔ اس طرح ریونت ریڈی کا الزام محض بلیک میلنگ کے سوا کچھ دکھائی نہیں دیتا۔