آبرسانی بلز پر سروس چارجس میں صد فیصد اضافہ

صارفین پر بوجھ‘بورڈ کو ماہانہ 2 کروڑ روپئے کی زائد آمدنی
حیدرآباد5 مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے صارفین پر اضافی بوجھ عائد کرتے ہوئے سروس چارجس پر نظر ثانی کی ہے اور صد فیصد سے زائد کا اضافہ کردیا جس پر فوری اثر کے ساتھ عمل ہوگا۔ اس اضافہ سے بورڈ کو ماہانہ 2 کروڑ روپئے کی زائد آمدنی ہوگی ۔ دونوں شہروں میں ڈومیسٹک اور کمرشیل کے 8.5 لاکھ سے زائد صارفین ہے ۔ پانی کے استعمال کی بنیاد پر 6 مختلف سلابس کے سروس چارجس پر نظر ثانی کی گئی ہے جس کے مطابق 200 روپئے تک بل پر 20 روپئے سروس چارجس ہوں گے جبکہ پہلے یہ 10 روپئے تھے ۔ 201 تا 500 روپئے پر 40 روپئے اسی طرح 501 تا 800 روپئے بل پر 60 روپئے سروس چارجس وصول کئے جائیں گے ۔ ایسے صارفین جن کے بلز 801 تا 1500 ہو ں انہیں 80 روپئے اور 1501 تا 2500 بل پر 100 روپئے ‘اسی طرح 2501 روپئے سے زائد بل پر 150 روپئے سروس چارج ادا کرنا ہوگا ۔ بورڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر نے منگل کو سروس چارجس میں اضافہ سے متعلق احکامات جاری کئے ہیں۔