نئی دہلی،2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی بحریہ نے آج بحر عرب میں ٹسٹ فائرنگ کے دوران ہندوستان میں بنائی جانے والی آبدوز کلواری سے پہلے جہاز شکن میزائل داغے جانے کا کامیاب تجربہ کیا۔ آج صبح یہ تجربہ پوری طرح کامیاب رہا اور میزائل نے معینہ مقام کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا ۔واضح رہے کہ میزائل داغے جانے کا یہ تجربہ اپنے آپ میں نہ صرف اس لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے کہ اسے کلواری کلاس کی آبدوز سے داغا گیا ہے بلکہ یہ ہندوستان میں تیار کی جانے والی اسکارپئین آبدوز کشتیوں کی سیریز کی پہلی آبدوز ہے ۔ یہی نہیں بلکہ اس سے ہندوستانی بحریہ کی سطح پر جنگ کرنے کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ہندوستان میں تیار کی جانے والی تمام چھ کلواری آبدوزوں کو اس جہازشکن میزائل سے لیس کیا جائے گا ،جس کا جنگ کرنے کی صلاحیتوں کا ریکارڈ ہمیشہ شاندار رہا ہے ۔
سائنسدانوں کو مودی کی مبارکباد
نئی دہلی،2مارچ(سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے کیلئے شعبہ دفاع کے سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے۔ مودی نے اپنے پیغام میں کہا ،’’بیلسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر دفاعی سائنسدانوں کو مبارکباد۔ ہندوستان اس طرح کی صلاحیت والے دنیا کے پانچ ملکوں کے گروپ میں شامل ہوگیا ہے اور یہ ملک کے لئے فخر کا لمحہ ہے۔ دفاعی تحقیق اور ترقی کی تنظیم(ڈی آر ڈی او)نے خلا میں ہدف کا پتہ لگا کر اسے تباہ کرنے والی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے ۔