حیدرآباد ۔ 16 مارچ (پریس نوٹ) انسٹیٹیوٹ آف پبلک انٹر پرائز (IPE) حیدرآباد کی جانب سے پرنب مکرجی فاؤنڈیشن، نئی دہلی اور سنٹر فار ریسرچ ان رورل اینڈ انڈسٹریل ڈیولپمنٹ، چندی گڑھ کے تعاون و اشتراک سے ’’امن، یکجہتی، خوشی کی سمت : تبدیلی کیلئے ٹرانزیشن‘‘ کے موضوع پر ایک دو روزہ ریجنل کانفرنس 22 اور 23 مارچ کو آئی پی ای شاہ میر پیٹ کیمپس پر منعقد کی جائے گی۔ اس کانفرنس کو منعقد کرنے کا اصل مقصد ہندوستان بالخصوص تلنگانہ، آندھراپردیش، کرناٹک اور ٹاملناڈو میں امن، یکجہتی اور خوشی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرنا اور ان کی نشاندہی کرنا ہے۔
اس کانفرنس میں احیا روزگار، موسمی تبدیلی، کسانوں کی خودکشی، لیبر کے مسائل، جنسی عدم مساوات اور تشدد، سماجی، تہذیبی مسائل جیسے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یہ ایک قومی سطح کا پروگرام ہے جس کے تحت ہندوستان میں مختلف مقامات پر سلسلہ وار کانفرنس منعقدکی جارہی ہیں۔