پولیس بندوبست کا جائزہ ‘کمشنر پولیس سائبر آباد سی وی آنند کی ہدایت
حیدرآباد یکم اپریل (سیاست نیوز) انڈین پریمیر لیگ آئی پی ایل کے حیدرآباد میں منعقدہ کرکٹ میچس کیلئے پولیس کے وسیع تر صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ 2 ‘11 ‘15 اور 17 مئی کو راجیو گاندھی انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم اپل میں میچس کھیلے جائیں گے ۔ اس خصوص میں انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد کمشنر پولیس سائبر آباد مسٹر سی وی آنند نے بیان جاری کیا اور بتایا کہ 1200 پولیس ملازمین کو خصوصی انتظامات کیلئے تعینات کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سکیوریٹی وینگ کے 250 اور ٹریفک کے 270 ملازمین کے علاوہ 600 لاء اینڈ آرڈر اور اکٹوپس کی 2 یونٹوں اے آر کے 5 پلاٹونس ‘اسپیشل برانچ اور سی سی ایس کی ٹیموں کو بھی میچس کے انتظامات کے لئے متعین کیا گیا ہے ۔کمشنر پولیس کے مطابق ایمرجنسی کے طور پر 2 فائر بریگیڈ گاڑیوں کی خدمات حاصل کی جارہی ہے اس کے علاوہ اسٹیڈیم کے اندرونی اور بیرونی حصہ پر 60 سے زائد کیمرے نصب کئے گئے ہیں جو گاڑیوں کی پارکنگ داخلہ اور سیٹنگ ہر مقام کا جائزہ لیںگے اور ایک انسپکٹر سطح کے عہدیدار کو کمانڈ کنٹرول پر مقرر کیا گیا ہے جو تصاویر فوٹیج کا جائزہ لے گا ۔ اس مرتبہ اپل اسٹیڈیم میں شی ٹیمس بھی تعینات رہیں گی میچس دیکھنے والے کرکٹ کے شائقین کو اسٹیڈیم کے اندر بیاگس کیمرہ الیکٹرانک اشیاء پانی کی بوتلیں وغیرہ لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔