یوراج کی جارحانہ بیٹنگ، کمزورآر سی بی کو 35رن سے شکست
حیدرآباد۔/5 اپریل، ( پی ٹی آئی) دفاعی چمپین سن رائزرس حیدرآباد نے کمزور حریف رائل چیلنجرس بنگلور کو پہلے ہی مقابلے میں 35رن سے شکست دیتے ہوئے اپنی انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل ) مہم کا شاندار آغاز کیا ۔ ماہر کھلاڑی یوراج سنگھ نے انتہائی جارحانہ تیور اپناتے ہوئے محض 27 گیندوں میں طوفانی 63رن بنایا۔ اب تک غیر معروف رہے افغانستان کے لگ اسپینر رشید خان چھپے رستم ثابت ہوئے جنہوں نے 4اوورس میں 36رن دیکر2 قیمتی وکٹس حاصل کیا۔ رشید خاں کے اس کلیدی کارنامہ نے سن رائزرس کی شاندار فتح کو یقینی بنادیا اور پہلے اہم مقابلے میں ویراٹ کوہلی کے بغیر کھیلنے والی تمام ہی شعبوں میں کمزور ٹیم آر سی بی کی بدترین شکست کی مہر ثبت کردی۔ سن رائزرس کی جانب سے مقررہ چیلنج سے بھرپورہدف پورا کرنا اگرچہ آر سی بی کیلئے ممکن تھا لیکن یہ ٹیم وقفہ وقفہ سے اپنے اہم وکٹس سے محروم ہوتی ہوئی 19.4 اوورس میں 172 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔ یہ پہلا موقع تھا کہ اب تک کھیلے گئے اپنے23 میچوں میں پہلی مرتبہ آر سی بی کی ٹیم آل آؤٹ ہوگئی۔ آر سی بی کے ٹاپ چار بیٹسمین کرس گیل(32) ، سندیپ سنگھ (24) ، ٹراویس ہیڈ (30) اور کیدار جادھو (31) آؤٹ ہوگئے۔ جادھو کا آؤٹ ہونا آر سی بی کے لئے تباہ کن موڑ ثابت ہوا۔