آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ، سٹے بازی اسکام

نئی دہلی /14 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ کیس کی سماعت کے دوران آج چند ڈرامائی واقعات رونما ہوئے۔ سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران دو موجودہ کھلاڑیوں کے ناموں کی نشاندہی کی گئی، جس میں مکل موگل کمیٹی کی جانب سے پیش کردہ خاص تحقیقاتی رپورٹ میں ان ناموں کو شامل کیا گیا ہے۔ کیس کی سماعت کے دوران کئی ایسے بڑے ناموں کا انکشاف ہوا ہے، جن کے خلاف تحقیقات ہو رہی ہیں۔ جن افراد کے نام ظاہر کئے گئے ہیں، ان میں آئی سی سی چیرمین این سرینواسن، ان کے داماد گروناتھ مَیپن، آئی پی ایل کے چیف آپریٹنگ افسر سندر رمن اور راجستھان رائلز کے مالک راج کندرا شامل ہیں۔ بی سی سی آئی کے سابق صدر شیسناگ منوہر نے اس کیس کے سامنے آنے کے بعد 20 نومبر کو مقررہ بورڈ کے اجلاس کے التواء پر سوال اٹھایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بورڈ کو یہ اختیار حاصل نہیں ہے کہ وہ جنرل باڈی اجلاس کو ملتوی کردے۔