کاغذ کے بغیر کابینہ کا اجلاس ‘ ملک کی تاریخ کا پہلا واقعہ
حیدرآباد 14 سپٹمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے طرز حکمرانی میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے سلسلہ میں ایک اور پہل کرتے ہوئے ملک بھر میں آندھراپردیش کو ای کابینی اجلاس کے انعقاد کو سرفہرست بنادیا۔ 15 سپٹمبر کو منعقد ہونے والے حکومت آندھراپردیش کے کابینی اجلاس میں وزراء کو اِس بات کی ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اجلاس میں فائیلوں کے بجائے آئی پیاڈ کے ساتھ شریک رہیں۔ ہندوستان بھر میں آندھراپردیش حکومت کا کابینی اجلاس ایسا پہلا اجلاس ہوگا جس میں کابینی اجلاس کا ایجنڈہ اور کارروائی تمام آئی پیاڈ پر چلائی جائے گی۔ آئی پیاڈ کے لئے حکومت آندھراپردیش کے محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ایک ایسا اپلی کیشن تیار کیا ہے جو وزراء کے آئی پیاڈ پر موجود رہے گا اور اِس اپلی کیشن کے ذریعہ کابینی اُمور کی انجام دہی اور فیصلوں کے علاوہ اہم دستاویزات تک رسائی ممکن رہے گی۔ حکومت آندھراپردیش کے کابینی اجلاس میں پہلی مرتبہ آئی پیاڈ اپلی کیشن کے استعمال کے ذریعہ ای گورننس کے سلسلہ میں ایک نئی ترقی ریکارڈ کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو نے کابینی رفقاء پر یہ واضح کردیا ہے کہ کابینہ کے اجلاس کا مکمل ایجنڈہ آئی پیاڈ پر ہی ہوگا۔ اِسی لئے فائیلس ساتھ لانے کی ضرورت نہیں ہے۔ کابینی اجلاس جوکہ جمہوری طرز حکمرانی میں انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، اِس کے فیصلوں و مشاورت کو سرکاری سطح پر ہی جاری کیا جاتا ہے۔ اِس اجلاس میں کئے جانے والے فیصلے عہدیداروں سے مشاورت کے بعد وزراء کی جانب سے قطعیت دیئے جاتے ہیں۔ ہندوستان بھر میں پہلی مرتبہ 15 سپٹمبر کو منعقد ہورہی آندھراپردیش کابینہ کے اجلاس میں اِس اپلی کیشن کا استعمال کیا جائے گا۔ اِس اپلی کیشن کو انتہائی حساس پاس ورڈس کے ذریعہ محفوظ کیا گیا ہے تاکہ اِس اپلی کیشن تک کسی ہیکر کی رسائی ممکن نہ ہوسکے۔ ای کیابینیٹ نامی اِس اپلی کیشن میں صرف 4 ہندسے والا پاس ورڈ رکھنے والے کابینی وزراء ہی رسائی حاصل کرسکتے ہیں اور اِس اپلی کیشن کی تیاری میں ایک خاص بات یہ رکھی گئی ہے کہ اِس اپلی کیشن میں صرف 30 استعمال کنندگان کو ہی رسائی حاصل ہوگی۔ جس سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ حکومت آندھراپردیش کے کابینی وزراء کے علاوہ بعض اہم عہدیدار ہی اِس ای کیابینیٹ اپلی کیشن کا استعمال کرنے کے اہل رہیں گے۔