آئی ٹی پروفیشنلس کی ذہنی و جسمانی صحت مندی پر شعور بیداری پروگرام

5 اور 6 دسمبر کو حیدرآباد میں مقرر ، کے ٹی آر افتتاح کریں گے ، جناب حامد انصاری مہمان خصوصی ہوں گے
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کے حیدرآباد میں خدمات انجام دینے والے انفارمیشن ٹکنالوجی سافٹ ویر پروفیشنل ایمپلائز کو جسمانی ، جذباتی ، سماجی صحت مندی اور مخلصانہ قیادت سے متعلق شعور بیدار کرنے کی غرض سے حکومت تلنگانہ کے شعبہ آئی ٹی ای اینڈ سی حیدرآباد سافٹ ویر انٹرپرائزس اسوسی ایشن اور برہما کماریز کے تعاون و اشتراک سے 5 اور 6 دسمبر کو برہماکماریز شانتی سروور گچی باولی منعقد ہوگا ۔ جس کا افتتاح وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی مسٹر کے ٹی راما راؤ کریں گے ۔ جس میں نائب صدر جمہوریہ مسٹر حامد انصاری بحیثیت مہمان خصوصی کے علاوہ ورلڈ رینوڈ موئیویشنل اسپیکر نئی دہلی سسٹر شیوانی ، یونائٹیڈ ریپریزنٹیٹو آف برہماکماریز لندن مسٹر جیانتی ، گلوبل ڈائرکٹر گوگل انچارج مسٹر کرن منی ، ورلڈ رینوڈ کارڈیالوجسٹ بنگلور ڈاکٹر بکتاوت سلام ، چیرمین شانتا بائیوٹیک مسٹر پدمابھوشن ورا پرساد اور پروفیسر راج رگھوناتھ اور دیگر اعلیٰ قائدین شرکت اور مخاطب کریں گے ۔ اس بات کا اعلان آج یہاں سکریٹری اسپرٹ سمٹ مسٹر بالا کشور ، کریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی گورنمنٹ آف تلنگانہ مسٹر ہرپریت سنگھ ، ڈائرکٹر آف شانتی سروور ایٹریڈ سنٹر آف برہماکماریز سسٹر کلدیپ اور سکریٹری آف ہائی سیا مسٹر بپن پنڈبالا نے منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔ پروگرام کا مقصد آئی ٹی ملازمین کو ذہنی ، جسمانی ، تناؤ میں مبتلا ہوئے بغیر صحت مند اور خوشحال زندگی گذارنے پر توجہ مرکوز کرواتے ہوئے ’ ہیومن ڈوئینگ ٹو ہیومن بی اِنگ ‘ پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب دی جائے گی تاکہ حیدرآباد کے آئی ٹی پروفیشنل ایمپلائز اپنے دماغی توازن کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اندر موجود قائدانہ اور پوشیدہ صلاحیتوں کے ذریعہ شعبہ انفارمیشن ٹکنالوجی کو ترقی کی راہ گامزن کرنے کے لیے محنت اور مشقت کریں تاکہ ریاست تلنگانہ کی آئی ٹی شعبہ میں عالمی سطح پر شناخت بنائی جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے حیدرآباد میں اس وقت 3.5 لاکھ سافٹ ویر پروفیشنل ایمپلائز اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں جن کو ذہنی اور جسمانی صحت مندی کا اپنے آپ خیال رکھنے کی اشد ضرورت ہے ۔ اس موقع پر قائدین نے پروگرام سے متعلق وال پوسٹرس کی رسم اجراء انجام دیا ۔۔