حیدرآباد 23 ستمبر (سیاست نیوز)وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و پنچایت راج کے ٹی راما راو نے آج گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کی ۔ انہوں نے گورنر کو حکومت کی جانب سے انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ میں سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کے اقدامات سے واقف کرایا ۔ بعد میںاخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راما راو نے کہا کہ انہوں نے پنچایت راج اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبوں میں گذشتہ چند ماہ کے دوران کئے گئے اہم فیصلوں سے گورنر کو واقف کروایا۔ حکومت کی جانب سے عام شہریوں کو بہتر خدمات کی فرہمی کی اسکیم سے بھی گورنر کو واقف کروایا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے انہیں بہتر عوامی خدمات کے سلسلہ میں کئی تعمیری تجاویز پیش کیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ پنچایت راج انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبوں میں مزید بہتر عوامی خدمات کے سلسلہ میں بھی گورنر نے مفید مشورے دیئے ۔ کے ٹی راما راو آج نئی دہلی روانہ ہوئے جہاں وہ کل مرکزی وزراء وینکیا نائیڈو، نتن گڈکری اور روی شنکر پرساد سے ملاقات کریں گے ۔ مرکزی وزراء سے ملاقات کے دوران ریاست کی ترقی کیلئے زائد فنڈس مختص کرنے کی درخواست کی جائے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ حکومت مختلف شعبوں کی کارکردگی کو نہ صرف بہتر بنائے گی بلکہ تلنگانہ کو ترقی یافتہ ریاستوں کی فہرست میںشامل کیا جائے گا۔