آئی ٹی اور الیکٹرانکس شعبوں میں 42 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری متوقع

آندھرا پردیش کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی پی رگھوناتھ ریڈی کا بیان
وجئے واڑہ۔ 28 ستمبر (پی ٹی آئی) آندھرا پردیش کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی پی رگھوناتھ ریڈی نے آج کہا کہ حکومت آندھرا پردیش آئندہ پانچ سال میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور الیکٹرانکس کے شعبوں میں 42 ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی توقع کررہی ہے۔ مسٹر ریڈی نے یہاں میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ حکومت نے آندھرا پردیش کو آئی ٹی اور الیکٹرانکس انڈسٹری ہب بنانے کے لئے ایک پالیسی تیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کو آئی ٹی میں 12 ہزار کروڑ روپئے اور الیکٹرانکس انڈسٹری میں 30 ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کی توقع ہے۔ آئندہ پانچ سال میں ان دو انڈسٹریز سے تقریباً 9 لاکھ افراد کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہونا متوقع ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ویپرو، ٹیک مہندرا اور دیگر چند آئی ٹی انڈسٹریز نے پہلے ہی ریاست میں ان کے یونٹس قائم کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست آندھرا پردیش میں وشاکھاپٹنم، کاکیناڈا، تروپتی اور اننت پور جیسے شہر دونوں شعبوں کیلئے موزوں اور مناسب مقامات ہوں گے اور کہا کہ حکومت نے ایک سنگل ونڈو سسٹم کے تحت آئی ٹی اور الیکٹرانک انڈسٹریز کیلئے کلیئرنس فراہم کرنے کے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔