دفاعی شعبہ میں ’’میک اِن انڈیا ‘‘ مودی کی اولین ترجیح ، باہمی روابط کے معاملے میں آسمان کو چھونا ہی حد : نتین یاہو
نیویارک ۔ 29 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج اسرائیل کے ہم منصب بنیامین نتین یاہو سے ملاقات کی ۔ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کی تقریباً 11 سال کے بعد یہ پہلی راست ملاقات تھی جس میں یہودی مملکت کے لیڈر نے کہا کہ باہمی روابط کے معاملے میں ’’آسمان آخری حد ہوگی ‘‘ ۔ یہ ملاقات اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر نیویارک کے پیالیس ہوٹل میں ہوئی جس میں مودی اور نتین یاہو نے وسیع تر اُمور بشمول دفاعی تعاون اور مغربی ایشیاء میں داعش کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔ تقریباً نصف گھنٹہ جاری رہی اس ملاقات میں نتین یاہو نے نریندر مودی کو اسرائیل کے دورہ کی دعوت دی۔ اُنھوں نے یاد دلایاکہ اس سے پہلے بحیثیت چیف منسٹر وہ اسرائیل کا دورہ کرچکے ہیں اور توقع ہے کہ وزیراعظم کی حیثیت سے بھی وہ یہاں کا دورہ کریں گے ۔ وزارت اُمور خارجہ کے ترجمان سید اکبرالدین نے یہ بات بتائی۔ واضح رہے کہ نریندر مودی 2006 ء میں اسرائیل کا دورہ کرچکے ہیں اور اُس وقت وہ گجرات کے چیف منسٹر تھے ۔ ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم مودی نے نتین یاہو کی دعوت کا نوٹ لیا اور کہا کہ اس معاملے میں سفارتی ذرائع سے تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ انھوں نے بتایا کہ دونوں قائدین نے معاشی تعاون میں اضافہ کی راہیں تلاش کی اور اسرائیل نے واٹر مینجمنٹ کے علاوہ زراعت سے متعلق دیگر اُمور میں اپنی ماہرانہ خدمات کی پیشکش کی ہے ۔ ہندوستان اور اسرائیل کے باہمی روابط کافی تیزی سے فروغ پارہے ہیں اور دونوں ممالک کے مابین تجارت تقریباً 6 بلین ڈالر کی ہوچکی ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ دونوں وزرائے اعظم نے اس معاملہ پر بھی تبادلۂ خیال کیا کہ اسرائیل نے مغربی ایشیاء علاقہ میں کس طرح ترقی کی ہے ۔ وزیراعظم اسرائیل نے ایران اور P5+1 کے مابین جاری مذاکرات کے سلسلے میں اُن کے نظریئے اور ویژن کی وضاحت کی ۔ جب اُن سے پوچھا گیا کہ دفاعی معاملتوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا تو انھوں نے کہاکہ اس معاملے میں بات چیت ہوئی اور وزیراعظم نے وضاحت کی کہ اُن کا نظریہ ’’میک اِن انڈیا‘‘ اولین ترجیح ہوگا۔ انھوں نے وضاحت کی کہ فی الحال دفاعی شعبہ میں اسرائیل یا کوئی اور ملک 49 فیصد تک سرمایہ کاری کرسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے دیگر شعبوں جیسے انفارمیشن ٹکنالوجی اور واٹر مینجمنٹ میں ماہرانہ صلاحیتوں سے استفادہ پر زور دیا ۔ نتین یاہو نے مودی سے کہا کہ ہند ۔ اسرائیل تعلقات کے سلسلے میں آسمان آخری حد ہوگی ۔ نتین یاہو کے دفتر کے مطابق دونوں قائدین نے ایران ، دہشت گردی کے خطرات اور مختلف شعبوں جیسے ہائی ٹیک ، سائبر سکیورٹی ، آبی تحفظ اور زراعت میں امکانی تعاون پر تبادلۂ خیال کیا۔