آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلے

حیدرآباد ۔ 16 جولائی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے پانچ آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلے کئے گئے۔ کمشنر اقلیتی بہبود کے مخلوعہ عہدہ پر مسٹر راہول بوجا آئی اے ایس کو زائد ذمہ داری کے ساتھ مقرر کیا گیا ہے۔ انہیں ڈائرکٹر شیڈول کاسٹ ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ مقرر کیا گیا اور وہ ڈائرکٹر بی سی ویلفیر اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کے عہدوں کی زائد ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ موجودہ کمشنر اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال آئی پی ایس آندھراپردیش کیلئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ مسٹر بی مہیش دت یکا آئی اے ایس وائیس چیرمین ہاؤزنگ بورڈ کو ڈائرکٹر قبائلی بہبود کی زائد ذمہ داری دی گئی ہے۔ مسٹر ایس اروند سنگھ ڈائرکٹر پروٹوکول کو ڈپٹی سکریٹری گورنمنٹ پروٹوکول جی اے ٹی کی ذمہ داری دی گئی۔ مسٹر سریش چندا آئی اے ایس کا تبادلہ کر کے انہیں پرنسپل سکریٹری میڈیکل اینڈ ہیلت مقرر کیا گیا ۔ مسٹر ایس کے جوشی آئی اے ایس پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق و شہری ترقی کو پرنسپل سکریٹری محکمہ انرجی کی زائد ذمہ داری دی گئی ہے۔

اڈیشہ کے گورنر کی کے سی آر کو مبارکباد
حیدرآباد۔/16جولائی، ( این ایس ایس ) اڈیشہ کے گورنر ڈاکٹر ایس جامیر نے نئی قائم شدہ ریاست تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر کی حیثیت سے عہدہ کا جائزہ لینے پر کے چندر شیکھر راؤ کو مبارکباد دی۔ مسٹر راؤ کے نام اپنے مکتوب میں ڈاکٹر جامیر نے ریاست ناگالینڈ کے قیام کی تحریک سے اپنی وابستگی کو یاد دلایا ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر اور ریاست کے عوام کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر جامیر نے اس یقین کا اظہار کیاکہ چندر شیکھر راؤ کی دانشمندانہ اور دور اندیش قیادت میں نئی ریاست تلنگانہ ترقی و خوشحالی حاصل کرے گی۔