بنگلور ۔ 25 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک کے نوجوان آئی اے ایس افسر ڈی کے روی کمار کی پر اسرار موت کو ایک نیا موڑ دیتے ہوئے ان کے خسر نے آج الزام عائد کیا کہ سی آئی ڈی نے اس واقعہ کی تحقیقات سی بی آئی کے سپرد کرنے سے قبل حساس ثبوتوں کو حذف کردیا ۔ ہنمنت ایپا نے دعویٰ کیا کہ ان کی رہائش گاہ پر نصب ڈیجیٹل ویڈیو ریکارڈس سے سی آئی ڈی نے سی سی ٹی وی فٹیج کے چند اہم حصوں کو حذف کردیا ۔ ہنمنت ایپا نے جو مقامی کانگریس لیڈر ہیں، کہا کہ سی آئی ڈی نے روی کی موت کے دو دن بعد سی سی ٹی وی فٹیج حاصل کیا تھا اور دو دن بعد واپس کردیا جس میں بعض ثبوت حذف تھے جنہیں دیکھ کر وہ حیرت زدہ رہ گئے۔