آئی ایس کے گڑھ سے ہزاروں شہریوں کی نقل مکانی

بیروت۔ یکم اپریل۔(سیاست ڈاٹ کام) خطرناک دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کے گڑھ مانے جانے والے شامی شہر رقہ کے مغرب میں واقع طبقہ علاقہ سے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران تقریباً سات ہزار لوگوں نے نقل مکانی کی ہے ۔ایک رپورٹ کے مطابق شامی ڈیموکریٹک فورسز کرد اور عرب ملیشیا جنگجوؤں کے اتحاد کا رقہ شہر سے تقریباً 40 کلومیٹر دور طبقہ میں اسلامک اسٹیٹ کے دہشت گردوں سے لڑائی چل رہی ہے ۔ گزشتہ ہفتے اتحادی افواج نے طبقہ ڈیم کے دروازے پر قبضہ کر لیا تھا اور اسلامک اسٹیٹ کے مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے طبقہ علاقے پر قبضہ کرنے کے لیے مہم تیز کر دی تھی۔امریکی حمایت والے فضائی حملوں اور زمینی افواج کے دم پر اتحادی افواج نے رقہ شہر پر اپنا قبضہ کرنا شروع کر دیا تھا۔ ایک رپورٹ کے مطابق اتحادی افواج کے مقبوضہ علاقوں میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ نقل مکانی کرکے پہنچے ہیں۔