آئی ایس کے حملے ‘شامی فوج کے 60جوان ہلاک

دمشق ،21پریل(سیاست ڈاٹ کام )داعش نے حالیہ ہفتوں میں گزشتہ 48 گھنٹے کے دوران سب سے خطرناک حملہ کرتے ہوئے 60 شامی فورسز کے اہلکاروں کو ہلاک کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق سیکورٹی فورسز نے مارچ کے مہینے میں مشرقی شام سے داعش کی خلافت کے خاتمہ کا اعلان کیا تھا تاہم جنگجو اب بھی ملک کے دیگر حصوں میں خفیہ ٹھکانوں میں موجود ہیں اور خطرناک حملے کر رہے ہیں۔شامی مبصر برائے انسانی حقوق کے سربراہ رامی عبدالرحمٰن کا کہنا تھا کہ جمعرات سے اب تک وسطی و مشرقی شام میں داعش نے 35 دمشق کی حمایت یافتہ فورسز کے اہلکاروں کو ہلاک کیا۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ مشرقی گاؤں باغوز میں داعش کے خاتمے کے اعلان کے بعد سے یہ اب تک سب سے خوفناک حملہ تھا۔شامی سیکورٹی فورسز کے اہلکار 8 سالہ جنگ کے دیگر محاذوں پر بھی حملوں کا نشانہ بنی۔ہفتے کے روز داعش کے جنگجوؤں نے بشار الاسد کی حمایتی افواج کے 26 اہلکار کو ہلاک کیا تھا۔2011 میں حکومت مخالف مظاہروں کے آغاز سے شروع ہونے والی خانہ جنگی، جس میں 3 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، میں یہ تازہ ہلاکتوں کا واقعہ ہے ۔بشارالسد نے 2015 سے روس کی حمایت حاصل کرنے کے بعد ملک کا 60 فیصد حصہ حاصل واپس حاصل کرلیا تاہم چند علاقے اب بھی انکے کنٹرول میں نہیں ہیں ۔