راجکوٹ ۔ 28 فروری (سیاست ڈاٹ کام)گجرات اے ٹی ایس نے آج دو مشتبہ آئی ایس آئی ایس کارندوں وسیم رامودیا اور اس کے بھائی نعیم کے ارکان خاندان کے بیانات قلمبند کئے ہیں۔ دونوں بھائیوں کو اتوار کو گرفتار کیا گیا۔ اے ٹی ایس ڈپٹی ایس پی رمیش فلدو نے کہا کہ ہم نے وسیم کی بیوی شاہین اور وسیم کے والدین سے پوچھ تاچھ کی اور ان کے بیانات ریکارڈ کئے۔ تاہم انہوں نے بیانات کی تفصیل کا انکشاف نہیں کیا۔ عہدیداروں نے کہا کہ گزشتہ شام اے ٹی ایس نے وسیم اور نعیم کو راجکوٹ کے قریب چوٹیلہ میں ایک مذہبی مقام لے گئے تھے جو مبینہ طور پر ان کے دھماکوں کا نشانہ بننے والا تھا۔ اے ٹی ایس نے شہر کے دیگر مقامات کا بھی دونوں بھائیوں کو لے کر دورہ کیا۔ جن میں پٹاخوں کی ایک دکان شامل ہے جہاں سے دونوں بھائیوں نے گن پاؤڈر خریدا تھا اور ایک چوڑیوں کی دکان پر بھی اے ٹی ایس ٹیم پہنچی جسے انہوں نے ماضی میں نذرآتش کرنے کی کوشش کی تھی۔ وسیم اور نعیم کو راجکوٹ کے بعض دیگر مقامات بھی لے جایا گیا جہاں وہ مبینہ طور پر دھماکے کرنے والے تھے۔