جلال آباد۔3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) دولت اسلامیہ (آئی ایس) نے مشرقی افغانستان میں ایک انتخابی ریالی کے دوران ہوئے خودکش بم دھماکہ کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔آئی ایس نے اپنی خبررساں ایجنسی عماق کے ذریعہ ایک بیان جاری کرکے اس حملہ کی ذمہ داری قبول کی۔افغانستان کے مشرقی نانگرہار صوبہ میں منگل کو ایک انتخابی تشہیر ریالی کے دوران ہوئے خودکش بم دھماکہ میں کم از کم 13لوگوں کی موت ہوگئی اورکئی دیگر زخمی ہوگئے ۔نانگرہار صوبائی حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ خودکش حملہ آور نے ضلع کاما میں پارلیمانی امیدوار عبدالناصر محمدکی ایک انتخابی ریالی میں خود کو دھماکہ سے اڑا لیا۔اس علاقہ میں دہشت گرد تنظیم طالبان کے علاوہ آئی ایس کے افغانی گروہ کے لڑاکے بھی کافی سرگرم ہیں۔افعانستان میں آئندہ 20اکتوبر کو پارلیمانی انتخابات ہونے والے ہیں جس کیلئے انتخابی تشہیر زوروں پر ہے ۔دریں اثناء پاکستان نے افغانستان میں مشرقی نانگرہار صوبہ میں منگل کو ایک انتخابی ریالی کے دوران ہوئے دہشت گردانہ حملہ کی سخت مذمت کی ہے ۔پاکستان کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرکے کہاکہ ہم اس حملہ میں مارے گئے لوگوں کے لواحقین ، رشتہ داروں اور دوستوں کے ساتھ ہمدردی کااظہار کرتے ہیں اور زخمی ہوئے لوگوں کے جلد از جلد شفایاب ہونے کی خواہش کرتے ہیں۔