آئی ایس سے متاثرہ گروپ کا مقدمہ ‘ ایک اور شخص گرفتار

ممبئی 27 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مبینہ طور پر آئی ایس آئی ایس سے متاثرہ گروپ کی جانب سے بڑے پیمانے پر حملوں کے کیس میں مہاراشٹرا انسداد دہشت گردی دستہ نے تھانے ضلع میں ممبرا کے مقام سے ایک 34 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا ہے ۔ اب تک اس سلسلہ میں گرفتار افراد کی تعداد 10 ہوگئی ہے ۔ مہاراشٹرا انسداد دہشت گردی دستہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ طلحہ پوڈرک نامی اس شخص کو ہفتہ کو گرفتار کیا گیا تھا ۔ اس کے قبضے سے ایک لیپ ٹاپ ‘ ایک ٹیبلیٹ کمپیوٹر ‘ ایک ہارڈ ڈسک ‘ پن ڈرائیوز ’ ایک راٰٹر ‘ موبائیل فونس اور ڈیریاں بھی ضبط کی گئیں۔ ایجنسی نے اس سلسلہ میں پہلے 8 افراد کو گرفتار کیا تھا اور اور ایک نابالغ لڑکے کو بھی حراست میں لیا گیا تھا ۔ یہ گرفتاریاں اورنگ آباد اور تھانے سے کی گئی تھیں۔ ان پر تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ پوچھ تاچھ کے دوران اس گروپ کی جانب سے طلحہ پوڈرک کا نام سامنے آیا تھا ۔ پوڈرک کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے 5 فبروری تک اے ٹی ایس کی حراست میں دیدیا گیا ۔