نئی دہلی ۔ یکم مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) این آئی اے نے مشتبہ آئی ایس آئی ایس روابط کے شبہ میں اب تک تقریباً 24 افراد کو گرفتار کیا ہے اور ہندوستان میں اس تنظیم کیلئے فنڈس کا راستہ سیلف فینانسنگ میکانزم ہے ۔ لوک سبھا کو آج یہ بات بتائی گئی ۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ ہری بھائی پرتھی بھائی چودھری نے بتایا کہ این آئی اے اور بعض ریاستوں کی پولیس نے ماضی میں بعض مقدمات درج کئے اور آئی ایس سے ملحق سرگرم کیڈر کو گرفتار کیا ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ اب تک این آئی اے نے 24 ملزمین کو گرفتار کیا ان میں جموںو کشمیر سے ایک ، کرناٹک 7 ، مہاراشٹرا 7 ، تلنگانہ 4 ، ٹاملناڈو 1 اور اُترپردیش سے تین شامل ہیں۔ انھوں نے تحریری جواب میں بتایا کہ ایجنسی مقدمات کی تحقیقات کررہی ہے ۔ چودھری نے کہاکہ ہندوستان میں آئی ایس کو فنڈس کی فراہمی کا راستہ سیلف فینانسنگ میکانزم ہے تاہم ایک یا دو واقعات میں حوالہ کا بھی استعمال کیا گیا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آئی ایس تقررات کے لئے اُمیدواروں کو راغب کرنے مثبت اور منفی پہلو اُجاگر کرتی ہے لیکن ہندوستان میں وہ صرف چند نوجوانوں کو ہی راغب کرپائی ۔