آئی ایس ارکان کیخلاف الزامات پر خصوصی عدالت میں بحث

نئی دہلی ۔ 5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر میں گرفتار 17 مشتبہ آئی ایس آئی ایس ارکان پر الزامات پر بحث کی سماعت 27 ستمبر سے خصوصی عدالت میں شروع ہوگی۔ ان ارکان پر مبینہ طور پر دہشت گرد تنظیم کیلئے تقررات اور مالیہ فراہم کرنے کا الزام ہے۔ ڈسٹرکٹ جج امرناتھ نے 27 ستمبر کو سماعت کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کو ہدایت دی ہیکہ دستاویزات بشمول مقدمہ میں تحفظ فراہم کئے گئے عینی گواہان کے بیانات کی نقل اندرون 15 یوم ملزمین کو فراہم کرے۔ این آئی اے نے عدالت میں اپنی چارج شیٹ پیش کرتے ہوئے ملزمین کے آئی ایس کی بڑی سازش اور دہشت گرد گروپس کے نظریات کو پھیلانے میں ان کے رول کو واضح کیا تھا۔ ایجنسی نے یہ دعویٰ کیا ہیکہ آئی ایس چند مقامی اور این آر آئیز کے تعاون سے نشاندہی، انہیں دہشت گردی پر ابھارنے، تقررات اور ٹریننگ میں ملوث ہے۔ قطعی رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا کہ ملزمین نے چند ہندوستانی نوجوانوں کو دہشت گرد سرگرمیوں کیلئے شام، لیبیا اور عراق جیسے ممالک روانہ کیا ہے۔ تمام ملزمین اس وقت عدالتی تحویل میں ہیں۔